پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمود راہی کی غزلیں — Mahmood Rahi Ghazals

محمود راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قطرہ قطرہ خون کا شرح وفا بنتا گیا (غزل)

قطرہ قطرہ خون کا شرح وفا بنتا گیا

زندگی کا نقطہ نقطہ دائرہ بنتا گیا

صدقے جاؤں آب و گل کی انفرادی شان پر

چہرہ چہرہ ٹوٹ کر اک آئینہ بنتا گیا

وقت کے ہم راہ جتنی دوریاں بڑھتی گئیں

لمحہ لمحہ قربتوں کا سلسلہ بنتا گیا

آفرینش سے رہا پرچم بغاوت کا بلند

اور نظام زندگی کا ضابطہ بنتا گیا

عقل کی پروردہ راہیں تھی زمین سنگلاخ

جب جنوں حد سے بڑھتا تو راستہ بنتا گیا

فصل گل ہو کہ خزاں سب میں چٹکتے آئے (غزل)

فصل گل ہو کہ خزاں سب میں چٹکتے آئے

ہم ہر اک دور کے دامن میں مہکتے آئے

ٹوٹ جانا تو ستاروں کا مقدر ٹھہرا

ہم چمک والے ہیں چمکیں گے چمکتے آئے

جو روایت ہے ازل سے وہ ہے انجام اپنا

اہل دل وقت کی سولی پہ لٹکتے آئے

کتنے الزام تھے طعنے تھے شکایت تھی بہت

سب اسی در پہ مگر سر کو پٹکتے آئے

ہم جنوں والوں سے کب دور تھی منزل راہیؔ

عقل والے تھے جو راہوں میں بھٹکتے آئے

مزید غزلیں از محمود راہی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں