محمود نشتری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
طلب کیا ہے ہمیں وقت نے طلب کی طرح (غزل)
طلب کیا ہے ہمیں وقت نے طلب کی طرح
نئے مزاج کی صورت نئے ادب کی طرح
بدل چکی ہے زمانے میں یہ تو سب کی طرح
حیات اپنی گزارو نہ بے ادب کی طرح
خدا گواہ کہ اب آپ مات کھائیں گے
کسی طرح سے بھی دیجے گا آپ اب کی طرح
کسی کی رات ہے روشن نئے چراغوں سے
ہمارا دن ہے ابھی تک سیاہ شب کی طرح
کسی کی چشم سے سیراب ہو کے پیتا ہوں
دکھائی دیتا ہوں دنیا کو تشنہ لب کی طرح
یہ واقعہ ہے کہ تبدیلیوں کا حامی ہوں
مرا مزاج بدلتا ہے روز و شب کی طرح
ہزار کہنے کو اس نے خدا بنا ڈالے
مثال دے نہیں پایا وہ میرے رب کی طرح
خدا نے مجھ کو نوازا ہے اپنی رحمت سے
مجھے سمجھئے نہ محمودؔ آپ سب کی طرح
کہہ رہی ہے وہ نظر ہنستے رہو (غزل)
کہہ رہی ہے وہ نظر ہنستے رہو
بھول کر عیب و ہنر ہنستے رہو
ہو کے خود سے بے خبر ہنستے رہو
شوخیٔ تقدیر پر ہنستے رہو
غم زدہ رہنے سے کچھ حاصل نہیں
زندگی ہے مختصر ہنستے رہو
تم پہ اب انگلی نہ اٹھے گی کوئی
ہنسنے والو بے خطر ہنستے رہو
اس صدی کا کوئی مستقبل نہیں
اہل فن اہل نظر ہنستے رہو