محمود ایاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لفظ و منظر میں معانی کو ٹٹولا نہ کرو (غزل)
لفظ و منظر میں معانی کو ٹٹولا نہ کرو
ہوش والے ہو تو ہر بات کو سمجھا نہ کرو
وہ نہیں ہے نہ سہی ترک تمنا نہ کرو
دل اکیلا ہے اسے اور اکیلا نہ کرو
بند آنکھوں میں ہیں نادیدہ زمانے پیدا
کھلی آنکھوں ہی سے ہر چیز کو دیکھا نہ کرو
دن تو ہنگامۂ ہستی میں گزر جائے گا
صبح تک شام کو افسانہ در افسانہ کرو
حیرت جلوہ مقدر ہے تو جلوا کیا ہے (غزل)
حیرت جلوہ مقدر ہے تو جلوا کیا ہے
تجھ سے وابستہ ہے دل ورنہ تماشا کیا ہے
کوئی دن اور غم ہجر میں شاداں ہو لیں
ابھی کچھ دن میں سمجھ جائیں گے دنیا کیا ہے
دل تو اک اور ہی آہنگ پہ ہے رقص کناں
دل کا اس عمر فرومایہ سے رشتہ کیا ہے
ہم اسے بھول چکے ہیں مگر اے دور حیات
سامنے آنکھوں کے یہ صورت زیبا کیا ہے
جینے والوں سے کہو کوئی تمنا ڈھونڈیں
ہم تو آسودۂ منزل ہیں ہمارا کیا ہے
خامشی رینگتی ہے راہوں پر (نظم)
خامشی رینگتی ہے راہوں پر
ایک افسوں بہ دوش خواب لیے
رات رک رک کے سانس لیتی ہے
اپنی ظلمت کا بوجھ اٹھائے ہوئے
مضمحل چاند کی شعاعوں میں
بیتے لمحوں کی یاد رقصاں ہے
جانے کن ماہ و سال کا سایہ
وقت کی آہٹوں پہ لرزاں ہے
ایک یاد اک تصور رفتہ
سینۂ ماہ سے ابھرتا ہے
ہے یہ سرشاریٔ حیات کا رنگ
درد کن منزلوں سے گزرا ہے