پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمود اظہر کی غزلیں — Mahmood Azhar Ghazals

محمود اظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کون سمجھے گا مرے بعد اشارے اس کے (غزل)

کون سمجھے گا مرے بعد اشارے اس کے

ٹوٹ کر خاک میں ملتے ہیں ستارے اس کے

اب ہمیں آنکھ اٹھا کر نہیں تکتا وہ شخص

کتنے مضبوط مراسم تھے ہمارے اس کے

جو سمندر مرے اطراف رواں ہے سر خاک

ڈھونڈھتا رہتا ہوں دن رات کنارے اس کے

اس کا نقصان حقیقت میں مرا اپنا ہے

میرے حصے ہی میں آتے ہیں خسارے اس کے

کتنی آسانی سے دیکھا تھا اسے پتھر میں

کتنی مشکل سے خد و خال سنوارے اس کے

صوت میں جتنا خلا ہے اسے پر کر دے صدا

اس تسلسل سے کوئی نام پکارے اس کے

ختم ہو سکتی ہے اظہرؔ یہ لڑائی اپنی

اب بھی کچھ لوگ سلامت ہیں ہمارے اس کے

کچھ نہیں قیل و قال میں اے دوست (غزل)

کچھ نہیں قیل و قال میں اے دوست

مست رہ اپنے حال میں اے دوست

زندگی اس کا ذکر سنتے ہی

آ گئی اشتعال میں اے دوست

سانس لینا محال ہے یوں بھی

اور ایسے وبال میں اے دوست

کس قبیلے کے لوگ ہیں ہم لوگ

خوش ہیں یعنی زوال میں اے دوست

تیری صورت دکھائی پڑتی ہے

کیا غزل کیا غزال میں اے دوست

یاد ماضی میں عمر کٹ جائے

خاک ہے ماہ و سال میں اے دوست

سچ کہوں تو جواب رکھا ہے

آپ ہی کے سوال میں اے دوست

کوئی محمودؔ سا اگر ہے تو

پیش کیجے مثال میں اے دوست

مزید غزلیں از محمود اظہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں