پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمود اشرف مالیگ کی غزلیں — Mahmood Ashra Maleg Ghazals

محمود اشرف مالیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ تک رسائی پائے کہاں مہر و ماہتاب (غزل)

مجھ تک رسائی پائے کہاں مہر و ماہتاب

ہر ایک کو نہیں ہے مرا قرب دستیاب

پہنچائی دور دور تلک علم و آگہی

اپنے تئیں کیا ہے جہاں بھر کو فیض یاب

گرچہ رہ جنوں میں ہوئے بارہا ستم

پھر بھی یقین ہے ہمیں ہم ہوں گے کامیاب

اپنے کسی بھی فعل سے باتوں سے سوچ سے

ہرگز کسی کا جینا نہ کریے کبھی عذاب

کیسے بھلا غرور و تکبر کرے کوئی

مدفون ہو کے ہونا ہے اک دن ہمیں تراب

کوشش یہی ہے اپنی کہ اشرفؔ جہان میں

دست ہنر سے کرتے رہیں لفظ باریاب

کس موڑ پہ لے آئی ہے اوقات ہماری (غزل)

کس موڑ پہ لے آئی ہے اوقات ہماری

ہوتی ہے کہاں صبح کہاں رات ہماری

پہلے تو ہمیں لوگ تھے ہر امر کے ثالث

سنتا بھی نہیں اب تو کوئی بات ہماری

انجام ہو بہتر تو کوئی بات بنے بھی

کیا خوب تھی چاہت کی شروعات ہماری

ہم امن کے سودائی تھے ناپید ہوئے ہیں

کھوتی ہی گئی خوئے روایات ہماری

اپنوں میں جو دشمن تھے وہ پہچانے گئے ہیں

لیکن رہیں ان پر بھی عنایات ہماری

ممکن ہے کہ منزل کا پتہ ہم سے ہو منسوب

روشن جو رہے راہ ہدایات ہماری

اشرفؔ ہے سدا وسعت افہام کا خواہاں

حیراں نہ کرے تنگیٔ حالات ہماری

مزید غزلیں از محمود اشرف مالیگ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں