ماہر قریشی بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گلشن علم کی نکہت ہوں گل تر میں ہوں (غزل)
گلشن علم کی نکہت ہوں گل تر میں ہوں
قدرداں جس کے سبھی ہیں وہ سخنور میں ہوں
انقلابات ہوں تحریک ہوں محشر میں ہوں
جس میں آفاق سما جائیں وہ چادر میں ہوں
صرف اک شعلہ مزاجی ہے مری شان وجود
قطرۂ ابر ہوں دریا ہوں سمندر میں ہوں
روز اول سے ہوا ہے مجھے وحدت کا شعور
جو پرستار حقیقت ہے وہ شنکر میں ہوں
اپنی فطرت سے دہکتی ہوئی دھوپیں پی کر
سرد پانی جو اگل دیتا ہے کنکر میں ہوں
مجھ سے ایوان امارت کی چنی ہر دیوار
ریت کی شکل میں روندا ہوا پتھر میں ہوں
جوش دریا مری خاموش روانی کو سمجھ
رہ گیا تھا جو کسی دھارے سے کٹ کر میں ہوں
اپنی تخلیق پہ ہے ناز بجا ہے ماہرؔ
چشم تنقید نگاراں میں ہوں برتر میں ہوں
رنگ خزاں چمن کی شگفتہ نظر میں دیکھ (غزل)
رنگ خزاں چمن کی شگفتہ نظر میں دیکھ
خوابیدہ ظلمتیں ہیں ضیائے سحر میں دیکھ
کیفیت جمال دل یاس اثر میں رکھ
جنت سمٹ کے آ گئی میری نظر میں دیکھ
محسوس ہو رہی ہیں شعاعیں سی نور کی
میں جذب ہو گیا ہوں ترے سنگ در میں دیکھ
اے ہم نفس حقیقت طول شب فراق
مجھ سے نہ پوچھ زندگیٔ مختصر میں دیکھ
فردوس میکدہ ہے ہر اک منظر خیال
ڈھلتی ہوئی شراب کا عالم نظر میں دیکھ
محسوس کر رہا ہوں فریب نگاہ کو
رقصاں تجلیاں ہیں مری چشم تر میں دیکھ
ہر امتحان راہ وفا سے گزر چکا
ماہرؔ کا اب وقار جہاں کی نظر میں دیکھ