پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماہر منصور کی غزلیں — Mahir Mansoor Ghazals

ماہر منصور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نظر فریب نظارہ ابھی نگاہ میں ہے (غزل)

نظر فریب نظارہ ابھی نگاہ میں ہے

کہ کوئی خواب نما جسم میری راہ میں ہے

تمام عمر کی آہوں کا ہے دھواں جس میں

وہ ایک آتشیں لمحہ دل تباہ میں ہے

وہی ہے آج بھی احساس بے اماں ہوں میں

مرا وجود اگرچہ تری پناہ میں ہے

ہر ایک سمت سے پتھر برس رہے ہیں مگر

تمہارا دست کرم بھی مری نگاہ میں ہے

وہی ہے آج بھی کیفیت پشیمانی

نہ جانے کون سا جذبہ مرے گناہ میں ہے

جلا نہ دے کہیں دنیا کو خوف ہے ماہرؔ

وہ ایک شعلہ جو کب سے مری کراہ میں ہے

ہوا ہے قتل ابھی آفتاب مشرق کا (نظم)

ہوا ہے قتل ابھی آفتاب مشرق کا

بکھر گئی ہے ہر اک سمت خون کی سرخی

یہ رہ گزار کہ بہتا ہے نور کا دریا

گداز جسم سے اڑتی ہیں بھینی خوشبوئیں

نئی تراش کے ملبوس میں حسیں جوڑے

چمکتی کاروں سے آ آ کے یوں اترتے ہیں

نوازتے ہوں قدم رکھ کے جیسے دھرتی کو

ہر ایک دل میں اچھلتا ہے آرزو کا لہو

ٹھہر گیا ہے سبک گام کاروان حیات

پڑی ہے پاؤں میں زنجیر دل فریبی کی

تلاش حسن و مداوائے زخم دل کے لیے

چرا کے لائے ہیں دو چار لمحے دنیا سے

یہاں تو کوئی نہیں رنج و غم میں آلودہ

ہر ایک چہرہ تو پھولوں کی طرح تازہ ہے

میں مسکرا کے گلی سے نکل نہ پایا تھا

مرے ضمیر نے چپکے سے یہ کہا مجھ سے

اسی گلی میں کہیں کھو گیا ہوں میں ڈھونڈو

مزید غزلیں از ماہر منصور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں