پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماہر عبدالحی کی غزلیں — Mahir Abdul Hayee Ghazals

ماہر عبدالحی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عجیب دور ہے اہل ہنر نہیں آتے (غزل)

عجیب دور ہے اہل ہنر نہیں آتے

پدر کا علم لئے اب پسر نہیں آتے

ہوا کے جھونکے بھی لے کر خبر نہیں آتے

جو گھر سے جاتے ہیں پھر لوٹ کر نہیں آتے

ہزار شاخ تمنا کی دیکھ بھال کرو

یہ شاخ وہ ہے کہ جس پر ثمر نہیں آتے

سمجھ سکیں گے نہ میری گزر بسر کو حضور

سنہرے تخت سے جب تک اتر نہیں آتے

ہم ان کی سمت چلیں کس طرح سے میلوں میل

ہماری سمت جو بالشت بھر نہیں آتے

جناب شیخ کے حجرے سے دور ہی رہیے

فرشتے آتے ہیں اس میں بشر نہیں آتے

سوال ہی نہ تھا دشمن کی فتح یابی کا

ہماری صف میں منافق اگر نہیں آتے

نہ جانے کس کی نظر لگ گئی زمانے کو

کہ پھول چہرے شگفتہ نظر نہیں آتے

وہ دن گئے کہ کوئی خواب ہم کو تڑپائے

اب ایسے خواب ہمیں رات بھر نہیں آتے

ہم ان کی راہ میں آنکھیں بچھائیں کیوں ماہرؔ

جو آسماں سے سر رہگزر نہیں آتے

کس کے آنگن سے گزر کر یہ ہوا آتی ہے (غزل)

کس کے آنگن سے گزر کر یہ ہوا آتی ہے

سسکیاں لیتی ہوئی بوئے حنا آتی ہے

کیا کمی ہے کہ نگاہوں سے گرے جاتے ہو

دل میں گھر کرنے کی تم کو تو ادا آتی ہے

دل کی باتیں مجھے کہنی نہیں آتیں لیکن

یہی کیا کم ہے تری حمد و ثنا آتی ہے

کھا رہی ہے تن بیمار کو اندر اندر

کس مسیحا کی دکاں سے یہ دوا آتی ہے

کس جگہ رک کے ذرا دیر کو دم لے کوئی

کہیں سایہ ہے شجر کا نہ سرا آتی ہے

اب بہر گام بڑھی جاتی ہے تکلیف سفر

اب مسافر کو بہت یاد خدا آتی ہے

مدتوں سنگ مصیبت کی رگڑ کھاتا ہے

تب کہیں آئنۂ دل میں جلا آتی ہے

ایک حمام میں گویا کہ سبھی ننگے ہیں

شرم آتی ہے نہ دنیا کو حیا آتی ہے

اب تو اس کار گہہ شیشہ گری میں ماہرؔ

ہر نفس تازہ چھناکے کی صدا آتی ہے

مزید غزلیں از ماہر عبدالحی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں