ماہر آروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسا نہیں کوئی کہ شناسا کہیں جسے (غزل)
ایسا نہیں کوئی کہ شناسا کہیں جسے
ملتا کہاں ہے کوئی ہم اپنا کہیں جسے
اک مرکز خیال ہے دنیا کہیں جسے
کوئی نظر تو آئے کہ تم سا کہیں جسے
سایہ بھی بھاگتا ہے جہاں اپنی ذات سے
وہ ہے سراب دشت تمنا کہیں جسے
زلف دراز بن کے الجھتی رہی مدام
اک تار عنکبوت ہے دنیا کہیں جسے
ماہرؔ وہی نہ کہتے ہیں سب جس کو آدمی
ہیں خوبیاں ہی کیا کہ ہم اچھا کہیں جسے
داغ دل اپنا کسی طرح دکھائے نہ بنے (غزل)
داغ دل اپنا کسی طرح دکھائے نہ بنے
اور چاہوں جو چھپانا تو چھپائے نہ بنے
دامن دل میں وہ جب چاہیں لگا دیں اک آگ
ہم اگر چاہیں بجھانا تو بجھائے نہ بنے
تم کو منظور نہیں اپنے تغافل سے گریز
ہم پہ بن آئی ہے ایسی کہ بنائے نہ بنے
اف رے یہ تیرہ نصیبی یہ اندھیرے کا فروغ
دیپ آنکھوں کا جلاؤں تو جلائے نہ بنے
ہائے یہ فطرت حسن اف وہ مزاج نازک
ناز اٹھانا بھی جو چاہوں تو اٹھائے نہ بنے
سوچ کے دیجئے دیوانے کو دامن کی ہوا
یہ بھی ممکن ہے کہ پھر ہوش میں آئے نہ بنے
ناز ہے طاقت گفتار پہ ماہرؔ کو مگر
دل پہ گزری ہے کچھ ایسی کہ سنائے نہ بنے