پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماہر الحمیدی کی غزلیں — Mahir Al Hameedi Ghazals

ماہر الحمیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سکون قلب کے اسباب ہم پہ بند رہے (غزل)

سکون قلب کے اسباب ہم پہ بند رہے

مگر ہم اہل محبت وفا پسند رہے

قدم قدم پہ سجائے گئے تھے دار و رسن

خدا کا شکر کہ ہم پھر بھی سر بلند رہے

وہ اک ہمیں تھے جو شرمندۂ کرم نہ ہوئے

وہ ننگ عشق تھے جو التجا پسند رہے

ترے ستم نے مرے دل کو حوصلہ بخشا

خدا کرے کہ ترا حوصلہ بلند رہے

زباں سے طاقت گفتار چھیننے والو

تمہیں بتاؤ کہ کب تک زبان بند رہے

جو آشنائے فضائے فلک تھے اے ماہرؔ

وہ خضر بھی تو مری گرد پا میں بند رہے

قدم قدم پہ عجب حادثات غم گزرے (غزل)

قدم قدم پہ عجب حادثات غم گزرے

جہاں جہاں سے تری جستجو میں ہم گزرے

غم حیات کو لے کر جدھر سے ہم گزرے

ہجوم حادثہ نو بہ نو بہم گزرے

نہ راس آئے مری زندگی مجھے اے دوست

کبھی گراں جو مرے دل پہ تیرا غم گزرے

قدم قدم پہ ہوا امتحان ہوش و خرد

خدا کا شکر کہ دامن بچا کے ہم گزرے

نظر میں رقص کناں ہے تصور رخ دوست

یہ کہہ دو باد صبا سے دبے قدم گزرے

جبیں جھکے تو سمٹ آئے آستان حبیب

وہ سجدہ کیا جو بہ قید در حرم گزرے

ملی جہاں سے متاع خوشی زمانے کو

ہم اس مقام سے ماہرؔ بہ چشم نم گزرے