پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مہیش جانب کی غزلیں — Mahesh Janib Ghazals

مہیش جانب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مقرر وقت سے پہلے سمجھ داری نہیں آتی (غزل)

مقرر وقت سے پہلے سمجھ داری نہیں آتی

نہ آنی ہو کسی کو گر تو فن کاری نہیں آتی

جھکانا سیکھنا پڑتا ہے سر لوگوں کے قدموں میں

یوں ہی جمہوریت میں ہاتھ سرداری نہیں آتی

چلاتے ہیں اگر تلوار یہ تو کیا تعجب ہے

کریں گے اور کیا جن کو قلم‌ کاری نہیں آتی

سیاسی آندھیوں سے آگ لگنی غیر ممکن تھی

کہیں سے اڑ کے مذہب کی جو چنگاری نہیں آتی

کیوں بڑھتی جا رہی ہے بھوک دولت کی زمانہ میں

طبیبوں کی سمجھ اک یہ بھی بیماری نہیں آتی

سبھی سے ہم ادب سے اور ہنس کے بات کرتے ہیں

ہمیں اس سے زیادہ بس اداکاری نہیں آتی

بجھانا بھول جائیں کیسے جلتی بتیاں گھر کی

ہمارے گھر اے حاکم بجلی سرکاری نہیں آتی

تری بیباکیاں جانبؔ یہی تصدیق کرتی ہیں

ہر اک انسان کو دنیا میں ہشیاری نہیں آتی

دل ٹوٹنے کا بند یہ رنج و ملال کر (غزل)

دل ٹوٹنے کا بند یہ رنج و ملال کر

اب پھینکنا یہ کانچ کہاں ہے خیال کر

مصروف ڈھونڈنے میں ہے کوئی شکار کو

بیٹھا ہے کوئی اپنا یہاں جال ڈال کر

جس آدمی کو زہر بھی پچتا تھا اے طبیب

پینے لگا ہے آج وہ پانی ابال کر

ناسور ہو گیا تھا یہ ناقابل رفو

دل پھینکنا پڑا ہمیں آخر نکال کر

ایمان کو بھی اپنے جہاں سے بچایئے

لاکر میں مال و زر ہی نہ رکھئے سنبھال کر

گر پوچھنا ہی ہے تو زمانہ کا حال پوچھ

بارے پڑوسیوں کے نہ ہم سے سوال کر

جانبؔ نصیب والے تو چاہیں گے بس یہی

ہو فیصلے جہان میں سکے اچھال کر

مزید غزلیں از مہیش جانب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں