مہیش چندر نقش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پر کیف بہاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے (غزل)
پر کیف بہاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے
ہاں ان کے نظاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے
طوفان کا شیوہ تو ہے کشتی کو ڈبونا
خاموش کناروں نے بھی دل توڑ دیا ہے
اس ڈوبتے سورج سے تو امید ہی کیا تھی
ہنس ہنس کے ستاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے
کس طرح کریں تجھ سے گلہ تیرے ستم کا
مدہوش اشاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے
مانا کہ تھی غمگین کلی خوف خزاں سے
چپ رہ کے بہاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے
اغیار کا شکوہ نہیں اس عہد ہوس میں
اک عمر کے یاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے
یہ دور محبت بھی عجب دور ہے اس میں
اے نقشؔ سہاروں نے بھی دل توڑ دیا ہے
جس کو نسبت ہو تمہارے نام سے (غزل)
جس کو نسبت ہو تمہارے نام سے
کیوں ڈرے وہ گردش ایام سے
پھر کوئی آواز آئی کان میں
پھر کھنک اٹھے فضا میں جام سے
ان نگاہوں کو نہ جانے کیا ہوا
جن میں رقصاں تھے نئے پیغام سے
پھر کسی کی بزم کا آیا خیال
پھر دھواں اٹھا دل ناکام سے
کون سمجھے ہم پہ کیا گزری ہے نقشؔ
دل لرز اٹھتا ہے ذکر شام سے