پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مہر چند کوثر کی غزلیں — Maher Chand Kausar Ghazals

مہر چند کوثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھرے جہاں میں کوئی رازدار بھی نہ ملا (غزل)

بھرے جہاں میں کوئی رازدار بھی نہ ملا

قرار ڈھونڈنے نکلے قرار بھی نہ ملا

یہ میری سوختہ بختی نہیں تو پھر کیا ہے

وہ پھول لائے تو میرا مزار بھی نہ ملا

نہ جانے کیسی کرامت تھی دست ساقی میں

بہ قید ہوش کوئی ہوشیار بھی نہ ملا

چمن چمن میں اداسی کا بول بالا ہے

بہار کیسی نشان بہار بھی نہ ملا

بہت تھے عیش کے لمحوں میں جاں نثار اپنے

پڑا جو وقت کوئی غم گسار بھی نہ ملا

میں اپنے گاؤں میں رہ کر بھی اجنبی ہی رہا

مجھے تو اپنوں سے تھوڑا سا پیار بھی نہ ملا

خراب ہی رہی قسمت خزاں نصیبوں کی

بہار آئی تو لطف بہار بھی نہ ملا

ہنسی تو اپنا مقدر نہ تھی مگر کوثرؔ

ہمیں تو رونے پہ کچھ اختیار بھی نہ ملا

نہ جانے کون ہے دیکھا ہوا سا لگتا ہے (غزل)

نہ جانے کون ہے دیکھا ہوا سا لگتا ہے

اک اجنبی ہے مگر آشنا سا لگتا ہے

تضاد صورت و سیرت پہ اب یقیں آیا

وہ بے وفا ہے مگر باوفا سا لگتا ہے

گراں نہ گزرا تھا ایسا یہ انتظار کبھی

اب ایک لمحہ بھی صبر آزما سا لگتا ہے

انہیں امید ہو تعمیل کی تو کیوں کر ہو

کہ ان کا حکم ہی کچھ التجا سا لگتا ہے

یہ پھول سادہ و بے رنگ ہی سہی لیکن

تمہارے جوڑے میں کیا خوش نما سا لگتا ہے

وہ بھائی بھائی ہیں رہتے ہیں ایک ہی گھر میں

مگر دیوں میں بڑا فاصلہ سا لگتا ہے

وہ تم وہ میں وہ لب جو وہ رات اور وہ چاند

یہ ایک خواب ہی کتنا بھلا سا لگتا ہے

نہ مجھ میں وصف نہ خوبی نہ کچھ ہنر پھر بھی

تمام شہر مرا ہم نوا سا لگتا ہے

یہ آج شہر میں کیا بات ہو گئی کوثرؔ

جسے بھی دیکھیے سہما ہوا سا لگتا ہے

مزید غزلیں از مہر چند کوثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں