پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مہندر پرتاپ چاند کی غزلیں — Mahendra Partap Chand Ghazals

مہندر پرتاپ چاند کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجبوری لاچاری لکھ (غزل)

مجبوری لاچاری لکھ

ہاں روداد ہماری لکھ

غیروں کو الزام نہ دے

اپنوں کی عیاری لکھ

سوچ جو ہلکی ہے تو کیا

غزلیں بھاری بھاری لکھ

عیب نہ گنوا اوروں کے

اپنی کارگزاری لکھ

پہلے جھوٹے وعدے کر

پھر اپنی لاچاری لکھ

چاہے حقیقت کچھ بھی ہو

اپنا پلڑا بھاری لکھ

اجڑے گھر کے آنگن میں

ہری بھری پھلواری لکھ

ہر منصب ہر عہدے پر

اپنی دعوے داری لکھ

مات پتا کو دے بن واس

خود کو آگیا کاری لکھ

چاندؔ کی خصلت میں یا رب

کچھ تو دنیا داری لکھ

میں نے کب اپنی وفاؤں کا صلہ مانگا تھا (غزل)

میں نے کب اپنی وفاؤں کا صلہ مانگا تھا

اک تبسم ہی ترا بہر خدا مانگا تھا

کیا خبر تھی کہ مری نیندیں اجڑ جائیں گی

میں نے کھوئے ہوئے خوابوں کا پتا مانگا تھا

دست گلچیں نے بھی گلشن سے وہی پھول چنا

میں نے جس گل کے لیے دست صبا مانگا تھا

شدت غم میں دعا کی تھی تجھے بھولنے کی

اب بھرے زخم تو نادم ہوں یہ کیا مانگا تھا

بس اسی بات پہ برہم ہے زمانہ مجھ سے

اپنے بد خواہوں کا بھی میں نے بھلا مانگا تھا

اک گزارش بھی نہ ہو پائی قبول اس کے حضور

غالباً میں نے ہی کچھ حد سے سوا مانگا تھا

چوڑیاں ٹوٹیں تو زخموں سے لہو رنگ ہوئی

جس ہتھیلی نے ذرا رنگ حنا مانگا تھا

تو نے ہر غم سے نوازا ہے ترا خاص کرم

مجھ کو تو یہ بھی نہیں یاد کہ کیا مانگا تھا

آفتیں سہنے کا یارا بھی تو دیتا یار اب

اور تو کچھ بھی نہیں اس کے سوا مانگا تھا

یہ الگ بات ملا کرب مسلسل ورنہ

ہم نے جو مانگا وہ بہ صدق و صفا مانگا تھا

ذہن پر چاندؔ پھر اک برق سی لہرانے لگی

دل نے ماضی کے نہاں خانوں سے کیا مانگا تھا

مزید غزلیں از مہندر پرتاپ چاند ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں