مہندر کمار ثانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہی اداس سی آنکھیں اداس چہرہ ہے (غزل)
وہی اداس سی آنکھیں اداس چہرہ ہے
یہ لگ رہا ہے کہ پہلے بھی تجھ کو دیکھا ہے
میں چاہتا ہوں کہ تیری طرف نہ دیکھوں میں
مری نظر کو مگر تو نے باندھ رکھا ہے
چھپا کے رکھتا ہوں میں خود کو ہر طرح لیکن
یہ آئنہ مجھے حیرت میں ڈال دیتا ہے
تمہاری بات پہ کس کو یقین آئے گا
کسی سے تم نہ یہ کہنا خدا کو دیکھا ہے
ہزاروں منزلیں سر کر چکا ہوں میں لیکن
یہ خود سے خود کا سفر تو بہت عجب سا ہے
ترا وجود ترے راستے میں حائل ہے
یہیں سے ہو کے مرا قافلہ گزرتا ہے
میں دن کو شب سے بھلا کیوں الگ کروں ثانی
یہ تیرگی بھی تو اک روشنی کا حصہ ہے
یہ خاموشی مرے کمرے میں کس آواز کی ہے (غزل)
یہ خاموشی مرے کمرے میں کس آواز کی ہے
کہیں یوں تو نہیں تو بات کرنا چاہتی ہے
وہ کیا شے ہے جسے میں ڈھونڈتا ہوں خود سے باہر
یہیں گھر میں کوئی اک شے بھلا رکھی ہوئی ہے
میں تنہائی کو اپنا ہم سفر کیا مان بیٹھا
مجھے لگتا ہے میرے ساتھ دنیا چل رہی ہے
کبھی دیوار لگتی ہے مجھے یہ ساری وسعت
کبھی دیکھوں اسی دیوار میں کھڑکی کھلی ہے
اترتے جا رہے ہیں رنگ دیواروں سے ثانی
یہ پرچھائیں سی کیا شے ہے جو ان پر رینگتی ہے