پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محبوب ظفر کی غزلیں — Mahboob Zafar Ghazals

محبوب ظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خدا کا شکر ہے گرداب سے نکل آیا (غزل)

خدا کا شکر ہے گرداب سے نکل آیا

میں اس کے حلقۂ احباب سے نکل آیا

سجی ہوئی تھیں دکانیں منافقت کی جہاں

میں ایسے قریۂ بے خواب سے نکل آیا

بہت دنوں سے حصار طلسم خواب میں تھا

طلسم ٹوٹ گیا خواب سے نکل آیا

عطا ہوئی ہے محبت کی سلطنت جب سے

میں شہر دیدۂ خوں ناب سے نکل آیا

کبھی گلاب سے آنے لگی مہک اس کی

کبھی وہ انجم و مہتاب سے نکل آیا

انا کی ناؤ جہاں ڈولتی پھرے محبوبؔ

میں اس فریب کے سیلاب سے نکل آیا

تم اپنی فکر کو بے شک اڑان میں رکھنا (غزل)

تم اپنی فکر کو بے شک اڑان میں رکھنا

زمین بوس عمارت بھی دھیان میں رکھنا

نگاہ پڑنے نہ پائے یتیم بچوں کی

ذرا چھپا کے کھلونے دکان میں رکھنا

ہمیں تو اہل سیاست نے یہ بتایا ہے

کسی کا تیر کسی کی کمان میں رکھنا

ہوائیں تیز بہت ہیں یہ چاہتوں کے دیے

ذرا سنبھال کے اپنے مکان میں رکھنا

جدید عہد کے مقروض ہیں مرے بچے

مرے خدا انہیں اپنی امان میں رکھنا

تمہارا رنگ سخن کوئی بھی رہے محبوبؔ

غزل کا ذائقہ اپنی زبان میں رکھنا

مزید غزلیں از محبوب ظفر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں