محبوب الحق ارمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انجام اپنا حسن پرستی میں یہ ہوا (غزل)
انجام اپنا حسن پرستی میں یہ ہوا
جھانکے کنویں مدام حسینوں کی چاہ میں
مجھ خانما خراب کو رسوا بھی کر دیا
تھی اک یہی کمی مرے حال تباہ میں
ارمانؔ ہے یہ شہر خموشاں کا انتظام
کچھ بھی نہیں ہے فرق گدا اور شاہ میں
طبیعت میں کرے جو انکسار و عاجزی پیدا (غزل)
طبیعت میں کرے جو انکسار و عاجزی پیدا
مقام اپنا بلندی پر کرے خود آدمی پیدا
وفور عشق میں ممکن نہیں کچھ ہو کمی پیدا
ازل سے ہے بشر کو حسن سے وابستگی پیدا
ضیائے داغ دل سے جگمگا دوں دونوں عالم کو
کروں اس ڈوبتے تارے سے ایسی روشنی پیدا
ہر اک سے پیش آئے خلق میں خلق و محبت سے
جہاں تک ہو کرے انسان ربط باہمی پیدا
مآل کار اچھے کام کا اچھا ہی ہوتا ہے
نہ ہوگی بہتری کی کوششوں میں ابتری پیدا
نہ ان کی دوستی اچھی نہ اُن کی دشمنی اچھی
نہ کر اے دل تعلق اہل دولت سے کبھی پیدا
زمانے کے حوادث سے جو ٹکراتا چلا جائے
کرو ارمانؔ دل میں ایسا عزم آہنی پیدا