پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محبوب محشر کی غزلیں — Mahboob Mashshar Ghazals

محبوب محشر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں ہوں مریض عشق کوئی چارہ گر نہیں (غزل)

میں ہوں مریض عشق کوئی چارہ گر نہیں

میں چاہتا ہوں کیا یہ کسی کو خبر نہیں

جس راستے پہ چلتا ہوں وہ معتبر نہیں

جاتا ہوں کس طرف کو مجھے خود خبر نہیں

کتنے ہیں جو ہیں فکر میں عقبیٰ کے غوطہ زن

فکر معاش سے تو کسی کو مفر نہیں

حالات میرے دیکھ کے کیوں تم ہو غم زدہ

سرخی جو آنکھ میں ہے وہ خون جگر نہیں

جس سے بھی چاہی میں نے مدد غیر ہو گیا

اس دور میں تو قدر متاع ہنر نہیں

فرقت میں ان کی دل تو مرا سوختہ ہی تھا

آنکھیں بھی خشک ہو گئیں اب چشم تر نہیں

میرے علاوہ غیر سے ہر دم ہیں ہم کلام

کیسے یقین کر لوں کہ وہ سوداگر نہیں

دولت تھی اپنے پاس تو سب لوگ ساتھ تھے

تنہا ہے محشرؔ آج کوئی ہم سفر نہیں

شب کی تنہائی میں ان کو یاد کر لیتا ہوں میں (غزل)

شب کی تنہائی میں ان کو یاد کر لیتا ہوں میں

ہے زباں خاموش پر فریاد کر لیتا ہوں میں

چودھویں شب کا قمر جب چرخ پر ہنسنے لگے

شومیٔ قسمت کو پھر سے یاد کر لیتا ہوں میں

کچھ ہجوم یاد سے کچھ آرزوئے دید سے

زندگی کو اس طرح برباد کر لیتا ہوں میں

چشم نم نے سوز دل کو کر دیا ہے آشکار

یہ نہیں شکوہ صنم فریاد کر لیتا ہوں میں

آج تک برباد تھا محشرؔ ہے اب اس کو سکوں

دل کی ویرانی کو خود آباد کر لیتا ہوں میں

مزید غزلیں از محبوب محشر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں