محبوب کاشمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دن میں سوتے ہیں رات جاگتے ہیں (غزل)
دن میں سوتے ہیں رات جاگتے ہیں
ہم چراغوں کے سات جاگتے ہیں
اس کے بستر سے لمس چنتے ہوئے
نیند سوتی ہے ہاتھ جاگتے ہیں
نیند میں ہیں مسافران کرام
خواب میں پل صراط جاگتے ہیں
درد ہیں لا زوال و پژمردہ
زخم ہیں بے ثبات جاگتے ہیں
دل کو یکسوئی چاہیے محبوبؔ
ذہن میں شش جہات جاگتے ہیں
جو کچھ سوچا جو کچھ لکھا تیرے نام (غزل)
جو کچھ سوچا جو کچھ لکھا تیرے نام
میری زیست کا لمحہ لمحہ تیرے نام
رکھ دوں تیرے سر پہ تاج محبت کا
کر دوں اپنے پیار کی دنیا تیرے نام
میری ذات کا محور تیری ذات فقط
اک اک بندھن اک اک رشتہ تیرے نام
اس کی خوشبو شاید تجھ تک پہنچ سکے
دریا میں اک پھول بہایا تیرے نام
دل ساحل پر تیز ہوا سے کچھ پہلے
میں نے اک پیغام لکھا تھا تیرے نام
جانے والے کاش کبھی تو لوٹ آئے
میرے گھر کا ہر اک رستہ تیرے نام
آنکھوں میں محبوبؔ جو رم جھم رم جھم ہے
اس بارش کا قطرہ قطرہ تیرے نام