پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محبوب خزاں کی غزلیں — Mahboob Khizan Ghazals

محبوب خزاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حال ایسا نہیں کہ تم سے کہیں (غزل)

حال ایسا نہیں کہ تم سے کہیں

ایک جھگڑا نہیں کہ تم سے کہیں

زیر لب آہ بھی محال ہوئی

درد اتنا نہیں کہ تم سے کہیں

تم زلیخا نہیں کہ ہم سے کہو

ہم مسیحا نہیں کہ تم سے کہیں

سب سمجھتے ہیں اور سب چپ ہیں

کوئی کہتا نہیں کہ تم سے کہیں

کس سے پوچھیں کہ وصل میں کیا ہے

ہجر میں کیا نہیں کہ تم سے کہیں

اب خزاںؔ یہ بھی کہہ نہیں سکتے

تم نے پوچھا نہیں کہ تم سے کہیں

ہم آپ قیامت سے گزر کیوں نہیں جاتے (غزل)

ہم آپ قیامت سے گزر کیوں نہیں جاتے

جینے کی شکایت ہے تو مر کیوں نہیں جاتے

کتراتے ہیں بل کھاتے ہیں گھبراتے ہیں کیوں لوگ

سردی ہے تو پانی میں اتر کیوں نہیں جاتے

آنکھوں میں نمک ہے تو نظر کیوں نہیں آتا

پلکوں پہ گہر ہیں تو بکھر کیوں نہیں جاتے

اخبار میں روزانہ وہی شور ہے یعنی

اپنے سے یہ حالات سنور کیوں نہیں جاتے

یہ بات ابھی مجھ کو بھی معلوم نہیں ہے

پتھر ادھر آتے ہیں ادھر کیوں نہیں جاتے

تیری ہی طرح اب یہ ترے ہجر کے دن بھی

جاتے نظر آتے ہیں مگر کیوں نہیں جاتے

اب یاد کبھی آئے تو آئینے سے پوچھو

محبوبؔ خزاں شام کو گھر کیوں نہیں جاتے

رات اس کو خواب میں دیکھ کر (نظم)

رات اس کو خواب میں دیکھ کر

میں نے کچھ نہیں کہا

چار سال کی تھکن جواں ہوئی

تشنگی بڑھ کے بے کراں ہوئی

ہاں مگر جب آنسوؤں کی نرم گرم تازگی

آس پاس دل کشی بکھر گئی

اور ایک سایہ سا سرہانے آ کے تھم گیا

میں نے یہ کہا کہ اے مرے خدا

تو بڑا رحیم ہے

اس کا دل دو نیم ہے

اس کے رنگ اس کے حسن کو نکھار دے

اس کے دل کا بوجھ اتار دے

تو اسے سکون دے مجھے جنون دے

اس کے دکھ اس کے درد چھین لے

اس کے روگ مجھ کو دے

میں گناہ گار ہوں

چار سال جیسے پھر اسی طرح گزر گئے

چار سال کس طرح گزر گئے

دل یہ سوچتا رہا