پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محبوب خاں رونق کی غزلیں — Mahboob Khan Raunaq Ghazals

محبوب خاں رونق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا ستم ہے کہ ستم ہم پہ وہ کر جاتے ہیں (غزل)

کیا ستم ہے کہ ستم ہم پہ وہ کر جاتے ہیں

اپنے سائے سے جو تنہائی میں ڈر جاتے ہیں

لوٹ کے آنا ہی پڑتا ہے انہیں سینکڑوں بار

تیرے کوچے سے جو اک بار گزر جاتے ہیں

غم کے ماروں کو بھی آتی ہے کبھی خود پہ ہنسی

کبھی صحرا میں بھی کچھ پھول بکھر جاتے ہیں

یاد رہ جاتے ہیں احباب کے کچھ لطف و کرم

دن مصیبت کے بہر حال گزر جاتے ہیں

پارسائی نہ جتاؤ کہ یہ ہے مے خانہ

اچھے اچھے یہاں شیشے میں اتر جاتے ہیں

تم پشیماں نہ ہوں تم پر کوئی الزام نہیں

مرنے والے کبھی بے موت بھی مر جاتے ہیں

میری بگڑی ہوئی تقدیر بنے یا نہ بنے

ان کے بکھرے ہوئے گیسو تو سنور جاتے ہیں

دفن ہو کر بھی کہیں دبتے ہیں ارمان حسیں

بن کے گل سینۂ گلشن پہ ابھر جاتے ہیں

جان دے دیتے ہیں جو بات کے ہوتے ہیں دھنی

اور ہوں گے جو زباں دے کے مکر جاتے ہیں

لے کے امید یہاں آئے تھے کیا کیا رونقؔ

آپ کی بزم سے کیا لے کے اثر جاتے ہیں

سنگ دل ہے اثر اس پہ ہوگا نہیں قصۂ غم سنانے سے کیا فائدہ (غزل)

سنگ دل ہے اثر اس پہ ہوگا نہیں قصۂ غم سنانے سے کیا فائدہ

کم تو ہوتی نہیں سوزش زندگی آنسوؤں میں نہانے سے کیا فائدہ

راز رکھتے ہو کیوں صاف فرمائیے دل کی باتیں چھپانے سے کیا فائدہ

آس دے دے کے مایوس کرتے ہو کیوں یوں کسی کو ستانے سے کیا فائدہ

اپنی تشنہ لبی کی شکایت نہیں یہ تو ساقی گری کی بھی توہین ہے

مے کشی کا تقاضا سمجھئے ذرا قطرہ-قطرہ چکھانے سے کیا فائدہ

خوف صیاد ہے بجلیوں کا ہے ڈر نا موافق ہوا ہے فضا پر خطر

جب مخالف ہے اتنے زمیں آسماں پھر نشیمن بنانے سے کیا فائدہ

آمد فصل گل ہو مبارک تمہیں اہل گلشن مگر یہ تو فرمائیے

جو کسی کے گلے کی نہ زینت بنے ایسی کلیاں کھلانے سے کیا فائدہ

چاندنی کی طرح وجہ فرحت بنے حسن سے کچھ ضیائے محبت ملے

برق بن کر جلا دے جو دنیا مری ایسا جلوہ دکھانے سے کیا فائدہ

راز اس میں نہیں کوئی اس کے سوا میں جو خاموش ہوں رونقؔ بے نوا

جس سے فریاد ہے وہ تو سنتا نہیں پھر جہاں کو سنانے سے کیا فائدہ

مزید غزلیں از محبوب خاں رونق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں