پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماہم خان کی غزلیں — Maham Khan Ghazals

ماہم خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نظر تم پر پڑے تو مسکرانا بھول جاتے ہیں (غزل)

نظر تم پر پڑے تو مسکرانا بھول جاتے ہیں

ہم اپنی داستان غم سنانا بھول جاتے ہیں

ہمیشہ سوچتے ہیں ہم اسے کھونا نہیں مشکل

ہم اپنی قوت دل آزمانا بھول جاتے ہیں

جہاں ساقی کا لمحے بھر کو بھی دیدار ہو جائے

جنون تشنگی کا وہ زمانہ بھول جاتے ہیں

یہ زنجیریں یہ پابندی نہیں کچھ فائدہ دیتیں

پرندے قید ہوں تو چہچہانا بھول جاتے ہیں

ابھرتے چاند کا منظر یا جلوے ہوں بہاروں کے

ترے آگے سب اپنا قہر ڈھانا بھول جاتے ہیں

غم بربادیٔ گلشن سے گل بھی اس قدر سہمے

دکھی چہرے پہ اک مسکاں سجانا بھول جاتے ہیں

بلندی سے گرانے کے لیے کوشاں ہیں جو ماہمؔ

فلک تیرا ازل سے آشیانہ بھول جاتے ہیں

پھر اپنا دل جلانا پڑ رہا ہے (غزل)

پھر اپنا دل جلانا پڑ رہا ہے

کہ پچھلا غم پرانا پڑ رہا ہے

اسے ہم سے محبت ہو گئی ہے

ہمیں اس کو بتانا پڑ رہا ہے

جھکی نظروں سے اب جو چپ کھڑے ہو

کہو اب کیا چھپانا پڑ رہا ہے

بتانے کو جہاں کی قدر و قیمت

کئی لوگوں کو جانا پڑ رہا ہے

لڑائی وہ کہ اب اپنا گریباں

خودی سے خود چھڑانا پڑ رہا ہے

تمہارا ذکر چھڑ جانے کا ڈر ہے

سو باتوں کو گھمانا پڑ رہا ہے

چھپا کر دل میں زخم ہجر اپنا

ہمیں ہنسنا ہنسانا پڑ رہا ہے

جہاں رکھ کر قدم اٹھنا تھا ہم نے

وہاں اس کا سرہانا پڑ رہا ہے

مرے رستے کے سارے جگنوؤں کو

مری نظروں میں آنا پڑ رہا ہے

ذرا محتاط رہنا راستے میں

پرندوں کا ٹھکانا پڑ رہا ہے

ترے ہوتے ہوئے ماہمؔ فلک کو

ستاروں سے سجانا پڑ رہا ہے

مزید غزلیں از ماہم خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں