مہاراج سرکشن پرشاد شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں سمجھتا ہوں تجھے میری وفا یاد نہیں (غزل)
میں سمجھتا ہوں تجھے میری وفا یاد نہیں
تو سمجھتا ہے مجھے تیری جفا یاد نہیں
پوجتا ہوں میں بتوں کو کہ خدا یاد آئے
یہ ستم ہے کہ برہمن کو خدا یاد نہیں
گر سخی بھول گیا دے کے یہی لازم تھا
لینے والے کو بھی افسوس لیا یاد نہیں
ایسے بھی لوگ ہیں دنیا سے نہیں کام جنہیں
ان پہ جو گزرا بھلا تھا کہ برا یاد نہیں
ترے دیوانے کو اے یار فقط تجھ سے ہے کام
بادشہ کون ہے اور کون گدا یاد نہیں
تیری ہی دھن میں گزرتی ہے ترے پیاروں کی
اس میں کیا کیا نہ ہوئی ان پہ جفا یاد نہیں
اپنے مولیٰ سے جو کچھ مانگو ابھی وہ دے گا
شادؔ مضطر نہ ہو کیا کوئی دعا یاد نہیں
فنا کہتے ہیں کس کو موت سے پہلے ہی مر جانا (غزل)
فنا کہتے ہیں کس کو موت سے پہلے ہی مر جانا
بقا ہے نام کس کا اپنی ہستی سے گزر جانا
جو روکا راہ میں حر نے تو شہہ عباس سے بولے
مرے بھائی نہ غصے میں کہیں حد سے گزر جانا
کہا اہل حرم نے روکے یوں اکبر کے لاشے پر
جواں ہونے کا شاید تم نے رکھا نام مر جانا
بقا میں تھا فنا کا مرتبہ حاصل شہیدوں کو
وہاں اس پر عمل تھا موت سے پہلے ہی مر جانا
نہ لیتے کام گر سبط بنی صبر و تحمل سے
لعینوں کا نگاہ خشم سے آساں تھا مر جانا
دکھائی جنگ میں صورت ادھر جا پہنچے وہ کوثر
یہ اصغر ہی کی تھی رفتار ادھر آنا ادھر جانا
یہاں کا زندہ رہنا موت سے بد تر سمجھتا ہوں
حیات جاوداں ہے کربلا میں جا کے مر جانا