ماہم حیا صفدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غیر ہم کو کہاں گوارا ہے (غزل)
غیر ہم کو کہاں گوارا ہے
جو ہمارا ہے بس ہمارا ہے
میری دنیا میں روشنی کا سبب
ایک چہرہ ہے اک ستارہ ہے
میں تجھے کیسے چھوڑ سکتی ہوں
تو مرا آخری سہارا ہے
آپ بے وجہ یاد آئے ہیں
آپ کو بے سبب پکارا ہے
ساتھ رہتے تو ٹھیک تھا لیکن
آخری فیصلہ تمہارا ہے
ہم نے اک شخص کی تمنا میں
کل جہان نشاط ہارا ہے
پوچھتا ہی نہیں کوئی اب تو
مرنے والے کو کس نے مارا ہے
روح سرشار ہوتی ہے سن کے
آپ کا نام کتنا پیارا ہے
ہم نے دیکھا ہے بارہا چکھ کے
اشک کا ذائقہ تو کھارا ہے
کیا کہوں ہم نفس اداسی ہے (غزل)
کیا کہوں ہم نفس اداسی ہے
حاصل عشق بس اداسی ہے
میرے ہم رقص سوز ہے مفقود
اے مرے ہم قفس اداسی ہے
نوچ ڈالے گی میرے سینے کو
اس قدر پر ہوس اداسی ہے
یعنی تم لوٹ کر نہ آؤ گے
یعنی اب سو برس اداسی ہے
اب سیاہی ہے میرے رنگوں میں
اب مرا کینوس اداسی ہے
اک مسافر کہ ہے مجسم دکھ
اور صدائے جرس اداسی ہے