پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماہ طلعت زاہدی کی غزلیں — Mah Talat Zahidi Ghazals

ماہ طلعت زاہدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے کہے بے سنے خدا حافظ (غزل)

بے کہے بے سنے خدا حافظ

جو بھی گزرے اسے خدا حافظ

درد رک بھی گیا اگر تو کیا

ہے اجل سامنے خدا حافظ

لغزشیں سب معاف ہوں میری

وقت عجلت میں ہے خدا حافظ

اتنی ناراضگی ارے توبہ

وہ بھی بیمار سے خدا حافظ

کم سے کم مڑ کے دیکھیے صاحب

زندگی کہتی ہے خدا حافظ

درد ہے یا ہے موت کی دستک

بے بسی کیا کرے خدا حافظ

کار دنیا تو ختم ہوتا نہیں

کہنا ہی پڑتا ہے خدا حافظ

تم بن وقت یہ کیسا گزرا (غزل)

تم بن وقت یہ کیسا گزرا

اشکوں کا اک دریا گزرا

میرا ہی گھر بھول گیا تھا

بادل قریہ قریہ گزرا

کاٹ گیا تھا زیست کا دھارا

کہنے کو اک لمحہ گزرا

چیخ تھی دل کی لے میں ڈھل کر

جیسے کوئی نغمہ گزرا

خون ہے جن آنکھوں سے جاری

ان میں بھی اک سپنا گزرا

خوش رہنے کا خاک جتن ہو

دل پر بھاری صدمہ گزرا

روز ہی لوگ بچھڑ جاتے ہیں

آہ مگر اک اپنا گزرا

جان محفل تھا جو کبھی وہ

کیسا تنہا تنہا گزرا

راگ ڈوب جاتے ہیں (نظم)

راگ ڈوب جاتے ہیں

ساز ٹوٹ جاتے ہیں

آسماں کے گوشوں میں

ان گنت ستاروں کے

دیپ بجھنے لگتے ہیں

دن کی دھوپ میں اکثر

وصل ممکنہ کے سب عہد چھوڑ دیتے ہیں

باتوں میں کھنک ناپید

اور چمک نگاہوں میں

ماند پڑتی جاتی ہے

ریشمین لہجے بھی

کھردرے سے لگتے ہیں

صحبتوں میں پہلی سی

بے خودی نہیں رہتی

چہرۂ رفاقت پر زردی

چھانے لگتی ہے

جذب عشق کو تھک کر

نیند آنے لگتی ہے

تجربے کی سرحد پر آ کے بھید کھلتا ہے

کوئی بھی تعلق ہو، ایک سا نہیں رہتا

مزید غزلیں از ماہ طلعت زاہدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں