پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مادھوی شنکر کی غزلیں — Madhavi Shankar Ghazals

مادھوی شنکر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آدھے ادھورے خواب رکھیں ہیں آنکھوں کی الماری میں (غزل)

آدھے ادھورے خواب رکھیں ہیں آنکھوں کی الماری میں

جن کو ہم بھی بھول گئے تھے شاید دنیا داری میں

مانا ہر اک شے روٹھی ہے سب نے ہاتھ چھڑائے ہیں

یہ بھی نہیں کم آپ میسر ہیں ایسی دشواری میں

جن کو بھرتے بھرتے ہی میں نے اک عمر گنوا دی ہے

مجھ کو محبت میں وہ زخم ملے تھے پہلی باری میں

اس کی دید کو جھکتی پلکیں اس انداز سے اٹھتی ہیں

جیسے دو نازک کلیاں ہوں کھلنے کی تیاری میں

اس کو دوا سے بھی پہلے شاید امید کی حاجت ہے

جو بھیتر سے ٹوٹ چکا ہے اک لمبی بیماری میں

کر بھی لیں وعدہ مگر وعدہ نبھا سکتے نہیں (غزل)

کر بھی لیں وعدہ مگر وعدہ نبھا سکتے نہیں

ساتھ اچھا ہے تمہارا ساتھ آ سکتے نہیں

اس کو لگتا ہے کہ ہم اس سے بچھڑ کر ہیں اداس

اب اگر چاہے بھی دل تو مسکرا سکتے نہیں

دل تو کہتا ہے ضرورت ہے کسی ہمدرد کی

پر ضرورت کے لیے تو دل لگا سکتے نہیں

ہر کوئی چہرے پے پڑھنا چاہتا ہے دکھ وہی

اور ہم اس دکھ کو افسانہ بنا سکتے نہیں

تم جو چپ ہو تو یہاں ہر ایک شے خاموش ہے

مان بھی جاؤ کہ ہم سب کو منا سکتے نہیں

اس قدر ویران میرا دل تمہارے بعد ہے

لوٹ بھی آؤ تو اس میں گھر بنا سکتے نہیں

مزید غزلیں از مادھوی شنکر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں