مادھو نور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گویا لٹوں کی ڈور سے باندھا ہوا ہے چاند (غزل)
گویا لٹوں کی ڈور سے باندھا ہوا ہے چاند
دیکھو سیاہ زلف میں کیسے پھنسا ہے چاند
پونم کے بعد دیکھا نہیں سات دن اسے
میں نے سنا ہے روٹھ کر آدھا ہوا ہے چاند
پہلے جمال و نور کی باتوں میں گم ہوا
پھر داغ داغ سن کے سسکنے لگا ہے چاند
بھولے کے سر پہ بھی یہی گنبد پہ بھی یہی
تو کیوں سیاستوں میں الجھنے لگا ہے چاند
اماں کھڑی ہے پاس میں تھالی پروس کر
برسوں کے بعد پھر مرا ماما بنا ہے چاند
ہے جما خون رگوں میں کہ رواں کچھ بھی نہیں (غزل)
ہے جما خون رگوں میں کہ رواں کچھ بھی نہیں
تم سے یہ کس نے کہا ہے کہ وہاں کچھ بھی نہیں
کوئی دھڑکن کی سی آواز اٹھی سینے میں
جب کہ ہاتھوں سے ٹٹولا تو کہاں کچھ بھی نہیں
قبل اور بعد کے منظر تو ہوئے ہیں یکساں
تجھ سے پہلے کہ ترے بعد جہاں کچھ بھی نہیں
دیکھ تنہائی مجھے چھوڑ گئے یار سبھی
مسکرا دے کہ سوا تیرے یہاں کچھ بھی نہیں
پھر سے برہا میں جلا نورؔ کرشمہ کیا ہے
کوئی انگار نہ آتش نہ دھواں کچھ بھی نہیں