مادھو جھا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہے گلہ اپنی جگہ اور عاشقی اپنی جگہ (غزل)
ہے گلہ اپنی جگہ اور عاشقی اپنی جگہ
درد دل کے ساتھ ملنے کی خوشی اپنی جگہ
وصل ہو یا ہجر ہو کچھ ہوش رہتا ہے کہاں
لذتیں اپنی جگہ ہیں بے خودی اپنی جگہ
روٹھ کر سینہ سے لگنے والے نے مجھ سے کہا
پیار ہے اپنی جگہ اور بے رخی اپنی جگہ
عمر جب تک مہرباں ہے کھل کے جینا چاہیئے
موت ہے اپنی جگہ اور زندگی اپنی جگہ
میری غزلوں پہ مقرر کہتے ہیں سارے عدو
دشمنی اپنی جگہ ہے شاعری اپنی جگہ
جینا مشکل ہے یہاں آسان سب سے خودکشی (غزل)
جینا مشکل ہے یہاں آسان سب سے خودکشی
اس لئے لگتی بھلی ہے زندگی سے خودکشی
عشق تو اب نام ہے اس کا تھا پہلے خودکشی
عشق کرنے والوں کو ملتی ہے راہ خودکشی
کون دیتا ہے کسی کو حوصلہ یاں جینے کا
کہہ رہے اک دوسرے کو کر لے پیارے خودکشی
ایک مدت بعد آئے آج وہ محفل میں جب
زندگی تھی سامنے پھر کیسے کرتے خودکشی
زندگی کے تجربے کیسے ملے یاں پر شکیبؔ
جو کہ آخر خود سے اک دن کر لی تم نے خودکشی
تن کسی کے پاس ہے تو دل کسی کے ساتھ میں
سیج پر بیٹھے ہوئے وہ کر رہے ہیں خودکشی
جینے کی حسرت نہیں رستہ یا منزل بھی نہیں
جی رہے ہیں اس طرح بہتر تھی اس سے خودکشی
قطرہ قطرہ مرنے سے مادھوؔ ہے بہتر بس یہی
سوچتا ہوں میں لگا لوں اب گلے سے خودکشی