کوشل دونیریا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمام عمر بچاتا رہا خدا اس کو (غزل)
تمام عمر بچاتا رہا خدا اس کو
کسی کی لگ ہی گئی پھر بھی بد دعا اس کو
وہ اپنی زندگی اور دوستوں میں ہے مصروف
میری تمام پریشانیوں سے کیا اس کو
تم اس سے کہنا کسی دن تباہ کر دے گا
کم عمر لڑکیوں کے دل سے کھیلنا اس کو
بچھڑتے وقت اسے دیکھ کر لگا جیسے
ہر ایک چیز کا پہلے سے علم تھا اس کو
ہنر شناس کسی دن قرار کر دیں گے
بنانے والے ترے فن کی انتہا اس کو
نہ جانے کون سا پیشہ ہے جس میں لگتا ہے
ہر ایک شام کوئی آدمی نیا اس کو
اسے ستائیں محبت کے لوٹتے موسم
کبھی بھی راس نہ آئے امیرکا اس کو
خدا میں بھی تری اس دنیا کو مٹا دوں گا
ہمارے جھگڑے میں کچھ بھی اگر ہوا اس کو
کچھ ایسے راستوں سے عشق کا سفر جائے (غزل)
کچھ ایسے راستوں سے عشق کا سفر جائے
تمہارا ہجر بہت دور سے گزر جائے
اداسیوں سے بھری کچی عمر کی یہ نسل
جو شاعری نہ کرے تو دکھوں سے مر جائے
پچاس لوگوں سے وہ روز ملتی ہے اور میں
کسی کو دیکھ لوں تو اس کا منہ اتر جائے
گھٹا چھٹے تو دکھے چاند بھی ستارے بھی
جو تم ہٹو تو کسی اور پر نظر جائے
ہزار سال میں تیار ہونے والا مرد
اس ایک گود میں سر رکھتے ہی بکھر جائے
میں اس بدن سے سبھی پیرہن اتاروں اور
اندھیرا جسم پہ کپڑے کا کام کر جائے
میری ہوس کو کوئی دوسرا میسر ہو
تمہارا حسن کسی اور سے سنور جائے