پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

لئیق اکبر سحاب کی غزلیں — Laeeq Akbar Sahaab Ghazals

لئیق اکبر سحاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھا اسے، قمر مجھے اچھا نہیں لگا (غزل)

دیکھا اسے، قمر مجھے اچھا نہیں لگا

چھو کر اسے، گہر مجھے اچھا نہیں لگا

چاہا اسے تو یوں کہ نہ چاہا کسی کو پھر

کوئی بھی عمر بھر مجھے اچھا نہیں لگا

آئینہ دل کا توڑ کے کہتا ہے سنگ زن

دل تیرا توڑ کر مجھے اچھا نہیں لگا

دل سے مرے یہ کہہ کے ستم گر نکل گیا

دل ہے ترا کھنڈر مجھے اچھا نہیں لگا

اگلا سفر ہو میرے خدا راحتوں بھرا

جیون کا یہ سفر مجھے اچھا نہیں لگا

دیکھا جو اس کے در پہ رقیبوں کا اک ہجوم

پھر اس کے گھر کا در مجھے اچھا نہیں لگا

تجدید رسم و راہ پہ وہ تو رہا مصر

وہ بے وفا مگر مجھے اچھا نہیں لگا

اس کا ہی ذکر بس تمہیں اچھا لگے سحابؔ

کہتے ہو تم مگر مجھے اچھا نہیں لگا

دوستوں نے یہ گل کھلایا تھا (غزل)

دوستوں نے یہ گل کھلایا تھا

ہاتھ دشمن سے جا ملایا تھا

آستینوں میں سانپ پالے تھے

دودھ خود ہی انہیں پلایا تھا

زخم کاری بہت لگا دل پر

تیر اپنوں نے اک چلایا تھا

برق مانگی نہیں فلک تجھ سے

ہم نے خرمن کو خود جلایا تھا

دل کو زخموں سے چور ہونا تھا

عشق کی راہ پر چلایا تھا

پوچھتے ہو دھواں ہیں کیوں آنکھیں

جاں کی بستی میں دل جلایا تھا

میں تو بھولا نہیں سحابؔ اس کو

اس نے کیسے مجھے بھلایا تھا

نہیں تنہا نہیں ہوں میں (نظم)

نہیں تنہا نہیں ہوں میں

تمہارے سحر کے دھاگوں نے

میرے جسم و جاں کو باندھ رکھا ہے

حسیں یادوں کا شیریں لمس

میری روح کو چھو کر

مری آنکھوں سے بہتا ہے

تم اپنی انگلیوں کی نرم پوروں سے

مرے ہاتھوں کو چھوتے ہو

بہت دھیرے سے

تم اپنے دہکتے لب مرے گالوں پہ رکھ کر

آنسوؤں کو پونچھ دیتے ہو

میں اپنی بند آنکھوں میں

حسیں قوس قزح اور تتلیوں کے رنگ تکتی ہوں

محبت کے پرندے گیت گاتے ہیں

فضائیں گنگناتی ہیں

تمہارے بازوؤں نے میرے تن کو

تھام رکھا ہے

تمہاری سانس کی خوشبو

مری سانسوں میں الجھی ہے

تمہیں چھوتی

تمہیں محسوس کرتی ہوں

میں تم سے پیار کرتی ہوں

جدھر دیکھوں تمہی تم ہو

ہر اک پل میں تمہی تم ہو

جہاں تم ہو وہیں ہوں میں

مزید غزلیں از لئیق اکبر سحاب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں