پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کندن اراولی کی غزلیں — Kundan Aravali Ghazals

کندن اراولی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خلوص دل سے میں نے سر تمہارے در پہ رکھا تھا (غزل)

خلوص دل سے میں نے سر تمہارے در پہ رکھا تھا

مگر کس دل سے تم نے پاؤں میرے سر پہ رکھا تھا

میں ہر ہارے ہوئے کا ساتھ دیتا تھا اسی ڈر سے

مرا سر مانگ کر تم نے کسی خنجر پہ رکھا تھا

وفور شوق سے دل رکھ دیا تھا پائے نازک پر

مجھے ہوش آیا تو دیکھا کہ سر پتھر پہ رکھا تھا

مری چھپری میں وہ اخلاص کا بھوکا چلا آیا

محل آؤ بھگت کا کیونکہ آڈمبر پہ رکھا تھا

بہاریں اپنے اصلی رنگ میں تھیں میری صحبت میں

فریب خوش نمائی دور کے منظر پہ رکھا تھا

مجھے خلقت کی خلقت حد دنیا پر اٹھا لائی

کہ جیسے بوجھ میرا ہی زمانے بھر پہ رکھا تھا

نہیں روکے رکے گا کارواں منزل سے نکلے گا (غزل)

نہیں روکے رکے گا کارواں منزل سے نکلے گا

ہمارا درد دل آخر تمہارے دل سے نکلے گا

ہمارا حال تو مجبور ہو کر ہو گیا ماضی

ہمارا کام اب تو اپنے مستقبل سے نکلے گا

اسے آسودگی کی گود کب آرام دے پائی

سفینہ سوئے طوفاں وادیٔ ساحل سے نکلے گا

شہادت دے کے جس کو پی گیا مرد مجاہد بھی

وہ نعرہ اب زبان خنجر قاتل سے نکلے گا

ستارو تم تسلی دو نہ دو لیکن یہ ہونا ہے

جو اب سویا پڑا ہے صبح کے محمل سے نکلے گا

ترا رستہ نظر آنے لگا ہے دھند چھنٹنے سے

سنبھل اے درد دل اب تو غبار دل سے نکلے گا

تقاضا ہے کہ اک دیوانہ محفل سے نکل جائے

نکل تو جائے گا وحشی مگر کس دل سے نکلے گا

مبارک ہو تجھے راس آ گیا تانبا مبارک ہو

بس اب بے کار سا کندنؔ تری محفل سے نکلے گا

مری اردھانگنی (نظم)

مری اردھانگنی

میری شہادت کی خبر سن کر

تم اپنی زلف سے کہنا کہ اب کالی گھٹا ہو جا

گرے بجلی پہ بجلی دشمنوں پر اک قضا ہو جا

سہاگن چوڑیوں کو توڑ کر اک بم میں بھر دینا

اور اپنی مانگ کے سندور کو بارود کر لینا

رضیہ کی طرح تم سونتنا تلوار دشمن پر

اڑانا دشمنوں کے سر کو تم درگاوتیؔ بن کر

تم اپنی آنکھوں سے آنسو نہیں انگار برسانا

کوئی صورت نہ ہو تو

آگ میں جوہر کی جل جانا

مجھے وشواس ہے تم پر کہ جیون سنگنی ہو تم

تم اپنی آن کو جانے نہ دو گی پدمنی ہو تم

مزید غزلیں از کندن اراولی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں