پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کندن لال کندن کی غزلیں — Kundan Lal Kundan Ghazals

کندن لال کندن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی جلوہ تیرا ایسا نہیں ہے (غزل)

کوئی جلوہ تیرا ایسا نہیں ہے

میرے دل نے جسے پرکھا نہیں ہے

نہ جیون میں کسی سے روٹھنا تم

تمہیں اس غم کا اندازہ نہیں ہے

یقیں مانو اڑا ہے چین دل کا

تمہیں جس روز سے دیکھا نہیں ہے

تمہارا فیصلہ تم کو مبارک

مگر رشتہ مرا کچا نہیں ہے

یہ مانا بھولنا فطرت ہے تیری

کسی کو بھولنا اچھا نہیں ہے

کبھی میں یاد بھی آ جاؤں تم کو

زیادہ سوچنا اچھا نہیں ہے

مری آنکھوں سے منظر دیکھ لے تو

تری آنکھوں نے جو دیکھا نہیں ہے

لگن سچی رفاقت اور الفت

یہ کچے سوت کا دھاگا نہیں

تجھے ہر زاویے سے پرکھا میں نے

کوئی پہلو تیرا کھوٹا نہیں ہے

نکھارا عشق کی اگنی نے اس کو

یہ کندنؔ ہو گیا سونا نہیں ہے

کہیں پر شادمانی ہے کہیں پر نوحہ خوانی ہے (غزل)

کہیں پر شادمانی ہے کہیں پر نوحہ خوانی ہے

جو سچ پوچھو حقیقت میں یہی تو زندگانی ہے

جو سورج آسمانی ہے اسی سے زندگانی ہے

وہ جب تک غیر فانی ہے تو ہر شے جاودانی ہے

جسے تم روح کہتے ہو اسے دل بھی تو کہتے ہیں

وہی ہے آتما سب کی ازل سے جاودانی ہے

کسی سے دشمنی تیری کسی سے دوستی تیری

کسی سے بے رخی ہے تو کسی سے خوش بیانی ہے

نہیں حاکم کو کچھ پروا کہ ہے محکوم کس غم میں

ہے ہاہا کار ہرسو ہر طرف چھائی گرانی ہے

انوکھا ہے طریقہ وعظ کا تیرے بھی اے واعظ

کسی سے تو ہے آزردہ کسی پر مہربانی ہے

در محبوب سے آیا ہے خالی نامہ بر اپنا

نہ ہے تحریر ہی میں کچھ نہ پیغام زبانی ہے

یہاں فانی ہے ہر اک شے فنا سب کا مقدر ہے

حقیقت میں اسی کی ذات کندنؔ جاودانی ہے

مزید غزلیں از کندن لال کندن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں