کنال برکڑے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا اداسی دل بیزار میں رہ جاتی ہے (غزل)
کیا اداسی دل بیزار میں رہ جاتی ہے
نہیں یہ جھوٹ ہے کردار میں رہ جاتی ہے
دوسری اور نہیں اب کوئی سننے والا
اب تو آواز بھی دیوار میں رہ جاتی ہے
میرے ہوتے ہوئے مرنے کا خیال آیا اسے
کچھ کمی ہے جو مرے پیار میں رہ جاتی ہے
پیار لگتا ہے مگر زخم ہی ہوتا ہے وہ
خوبی یہ اس کے ہر اک وار میں رہ جاتی ہے
بس سمجھ داری کو حل کہتا ہے ہر مشکل کا
یہ غلط فہمی سمجھ دار میں رہ جاتی ہے
آنکھوں میں نیند نیند میں سپنا نہیں رہا (غزل)
آنکھوں میں نیند نیند میں سپنا نہیں رہا
وہ اب کسی بھی دنیا میں میرا نہیں رہا
جو شخص تیرے جانے پہ مر جانے والا تھا
وہ تیرے رہتے رہتے بھی زندہ نہیں رہا
سایا بھی میرا روشنی کے چلتے ساتھ ہے
اب تو مجھے کسی پہ بھروسہ نہیں رہا
پاگل تھے ہم جو لوٹ کے واپس بھی آ گئے
پر انتظار میں کوئی بیٹھا نہیں رہا
سب دن کے ختم ہونے سے دکھ میں ہیں اور میں
خوش ہوں دیا جلا تو اندھیرا نہیں رہا