کمار کوشل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خوب صورت چاند جیسی دل نشیں کا ہو گیا (غزل)
خوب صورت چاند جیسی دل نشیں کا ہو گیا
دل نہ اب میرا رہا اک نازنیں کا ہو گیا
تم کو اب ہاں بولنے کی کچھ ضرورت ہی نہیں
میں تو پہلے ہی تمہاری اس نہیں کا ہو گیا
عشق سے ملنے گلے ایسے برس بیٹھا کہ بس
دیکھتے ہی دیکھتے بادل زمیں کا ہو گیا
رابطہ میرا غزل سے ہو گیا اک موڑ پر
زندگی بھر کے لیے پھر اس حسیں کا ہو گیا
مجھ کو ساحرؔ لے کے آئے شاعری کی بزم میں
پھر ملا جب جونؔ صاحب سے یہیں کا ہو گیا
زخم تو سب بھرتے بھرتے بھر جائیں گے (غزل)
زخم تو سب بھرتے بھرتے بھر جائیں گے
بس میری آنکھیں بنجر کر جائیں گے
لڑکوں کا پیچھا بستہ کب چھوڑے گا
کالج چھوڑے گا تو دفتر جائیں گے
رشتہ نازک ہوتے ہیں تتلی جیسے
کس کے اگر پکڑوگے تو مر جائیں گے
یہ دنیا تو دفتر ہے انسانوں کا
لوٹ کے سب اپنے اپنے گھر جائیں گے
تنہائی میں کوشلؔ ایسے ڈوبے ہیں
محفل لفظ بھی سن لیں تو ڈر جائیں گے
مزید غزلیں از کمار کوشل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں