پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کمار پانی پتی کی غزلیں — Kumar Panipati Ghazals

کمار پانی پتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے بسی زندگی کی آس میں ہے (غزل)

بے بسی زندگی کی آس میں ہے

کیا بتاؤں کہ کیا گلاس میں ہے

زخم یادوں کے خوں امیدوں کا

جانے کیا کیا دل اداس میں ہے

آج کس زہر سے بھروں اس کو

وہ سمندر جو میری پیاس میں ہے

ڈھک سکے جو کسی غریب کا تن

پھول ایسا کوئی کپاس میں ہے

خود خزاں پوچھتی ہے رہ رہ کر

فصل گل آج کس لباس میں ہے

مرے دل کو سپرد غم نہ کرنا (غزل)

مرے دل کو سپرد غم نہ کرنا

مرے احساس پر پتھر نہ دھرنا

مرے جینے کی اپنی ہی ادا ہے

مجھے معلوم ہے ہنس ہنس کے مرنا

مری سانسوں میں بھی کچھ زہر سا ہے

مرے نزدیک سے بچ کر گزرنا

مجھے اپنوں نے وہ دھوکے دئے ہیں

مجھے آتا نہیں غیروں سے ڈرنا

وفا کی آڑ میں لوٹا گیا ہوں

بہت مشکل ہے اب میرا سنورنا

مرے اجڑے ہوئے گلشن کے پھولو

مری بربادیوں کا غم نہ کرنا

مزید غزلیں از کمار پانی پتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں