پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرشن کمار ناز کی غزلیں — Krishna Kumar Naz Ghazals

کرشن کمار ناز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو خود اداس ہو وہ کیا خوشی لٹائے گا (غزل)

جو خود اداس ہو وہ کیا خوشی لٹائے گا

بجھے دیے سے دیا کس طرح جلائے گا

کمان خوش ہے کہ تیر اس کا کامیاب رہا

ملال بھی ہے کہ اب لوٹ کے نہ آئے گا

وہ بند کمرے کے گملے کا پھول ہے یارو

وہ موسموں کا بھلا حال کیا بتائے گا

میں جانتا ہوں ترے بعد میری آنکھوں میں

بہت دنوں ترا احساس جھلملائے گا

تم اس کو اپنا سمجھ تو رہے ہو نازؔ مگر

بھرم بھرم ہے کسی روز ٹوٹ جائے گا

ایک مچھلی جو مرتبان میں ہے (غزل)

ایک مچھلی جو مرتبان میں ہے

کوئی دریا بھی اس کے دھیان میں ہے

تیغ جوہر دکھا کے میان میں ہے

جیت کے جشن کی تھکان میں ہے

بادلوں نے لکھی ہے نظم کوئی

یہ جو تصویر آسمان میں ہے

ٹوٹتے دیکھے ہیں ستارے بھی

آدمی جانے کس گمان میں ہے

دشمنی بھی تری عزیز ہے دوست

کوئی رشتہ تو درمیان میں ہے

یار چھوڑو اتیت کی باتیں

جو بھی کچھ ہے وہ ورتمان میں ہے

نازؔ اب بھی روایتوں کی مہک

نورؔ صاحب کے خاندان میں ہے

مزید غزلیں از کرشن کمار ناز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں