پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرشن سونی نشا کی غزلیں — Krishn Soni Nisha Ghazals

کرشن سونی نشا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں چلا ہوں ڈھونڈھتا منزلیں مجھے آشنا کی تلاش ہے (غزل)

میں چلا ہوں ڈھونڈھتا منزلیں مجھے آشنا کی تلاش ہے

مری اس جبین نیاز کو ترے نقش پا کی تلاش ہے

وہ فضائے عشق پہ ہے نظر جو وسیع سے ہو وسیع تر

ابھی انتہا کا ہے ذکر کیا ابھی ابتدا کی تلاش ہے

جو نثار پائے حسیں ہوا جو غبار بن کے بھی اڑ چکا

رہ بے خودی میں مجھے اسی دل مبتلا کی تلاش ہے

سبھی رحمتیں جو سمیٹ لے جو ہوا نہ ہو کسی اور سے

مجھے اس گنہ کی ہے جستجو مجھے اس خطا کی تلاش ہے

میں ہی سر بہ سجدہ رہا کروں میں طواف شوق کیا کروں

جو خدا نہ ہو کسی اور کا مجھے اس خدا کی تلاش ہے

ابھی میکدے سے ہیں نسبتیں ابھی ہیں سکون کی کاوشیں

ابھی خام ہے مرا سوز غم مجھے انتہا کی تلاش ہے

یہ بجا کہ حسن کو ناز ہے یہ درست عشق کو فخر ہے

جو سراپا خود ہو جلا نشاؔ مجھے اس وفا کی تلاش ہے

خار و گل کا فیصلہ ہونے کو ہے (غزل)

خار و گل کا فیصلہ ہونے کو ہے

نظم گلشن اب نیا ہونے کو ہے

زخم پھر بھرنے کو آئے ہیں ندیم

کوئی تازہ حادثہ ہونے کو ہے

خیر مقدم کی مرے تیاریاں

اب حرم بھی میکدہ ہونے کو ہے

خیریت گزرے بروز احتساب

ان کا میرا سامنا ہونے کو ہے

آشیاں سے دور ٹوٹیں بجلیاں

اب نشاؔ بے آسرا ہونے کو ہے

مزید غزلیں از کرشن سونی نشا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں