پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرشن پرویز کی غزلیں — Krishn Parvez Ghazals

کرشن پرویز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سیاست میں اداکاری تو پہلے سے بھی بڑھ کر ہے (غزل)

سیاست میں اداکاری تو پہلے سے بھی بڑھ کر ہے

ہر اک لیڈر میں مکاری تو پہلے سے بھی بڑھ کر ہے

کوئی بھی کام آسانی سے ہو جائے نہیں ممکن

ہر اک دفتر میں دشواری تو پہلے سے بھی بڑھ کر ہے

کروڑوں کا ہے ٹھیکا خرچ ہوتے ہیں مگر لاکھوں

یہ بندر بانٹ سرکاری تو پہلے سے بھی بڑھ کر ہے

ہر اک لیڈر کا دعویٰ ہے ترقی ملک نے کر لی

وطن میں بھوک بیکاری تو پہلے سے بھی بڑھ کر ہے

کسی دفتر میں تم جاؤ سبھی جیبیں ٹٹولیں گے

کہ ہر سو لوٹ سرکاری تو پہلے سے بھی بڑھ کر ہے

بنے قانون ہیں پرویزؔ کتنے فائدہ کیا ہے

وطن میں چور بازاری تو پہلے سے بھی بڑھ کر ہے

دل پتھر کے لب پتھر کے (غزل)

دل پتھر کے لب پتھر کے

جس کو دیکھو سب پتھر کے

گلیاں چوکھٹ دیوار و در

اس بستی میں سب پتھر کے

کب بھیگی ہیں ان کی پلکیں

دل پگھلے ہیں کب پتھر کے

بیت گئے پھولوں کے موسم

لوٹ آئے دن اب پتھر کے

انسانوں کی بات کو چھوڑو

مندر مسجد سب پتھر کے

لوٹ آیا ہے عہد ماضی

چرچے روز و شب پتھر کے

جن کو اپنا رب سمجھا تھا

وہ بھی نکلے سب پتھر کے

ان سے کیا پرویزؔ کہیں ہم

لوگ ملے ہوں جب پتھر کے

تاج محل ہے جھومر اس کا کاشمیر ہے گہنا (نظم)

تاج محل ہے جھومر اس کا کاشمیر ہے گہنا

کنیا کماری پائل اس کی دیش کا ہے کیا کہنا

میرے دیش کا کیا کہنا

گنگا جمنا اس کی آنکھیں لال قلعہ دل اس کا

آج ہمالہ پربت جیسا ہے مستقبل اس کا

کوئی نہیں دنیا میں دیکھو آج مقابل اس کا

جلیاں والا راج سنگھاسن آزادی کا تخت و تاج

جامع مسجد اس کی عزت برلا مندر اس کی لاج

روز سویرے سرگم گاتی قدرت لے کر اپنے ساز

دن ہولی اور رات دیوالی تہواروں کا دیش ہے یہ

غالبؔ اور ٹیگورؔ کی دھرتی فنکاروں کا دیش ہے یہ

جام شہادت پینے والے مے خواروں کا دیش ہے یہ

مزید غزلیں از کرشن پرویز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں