کوکی گل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تتلی اداس بھنورا جواں اب نہیں رہا (غزل)
تتلی اداس بھنورا جواں اب نہیں رہا
گلشن میں پہلے جیسا سماں اب نہیں رہا
پروانے جاں لٹاتے تھے جس پر تمام شب
ہے بجھ چکی وہ شمع دھواں اب نہیں رہا
رہتا تھا تیری یاد میں آنکھوں سے جو رواں
نا جانے کیوں وہ دریا رواں اب نہیں رہا
ہے سلسلہ ازل سے یہی اس جہان کا
تھا کل یہاں جو آج یہاں اب نہیں رہا
رہتی تھی جس کی کھوج میں تو کوکی گلؔ کبھی
شاید وہ اس گلی میں مکاں اب نہیں رہا
تیری تو بات بات سے ہے مجھ کو اختلاف (غزل)
تیری تو بات بات سے ہے مجھ کو اختلاف
ہر بات میں ثبات سے ہے مجھ کو اختلاف
تیرے کرم سے آتی ہے بدلے کی بو مجھے
سو ان معاملات سے ہے مجھ کو اختلاف
بیٹھے ہوں جس کی گھات میں سارے گناہ گار
ایسی اندھیری رات سے ہے مجھ کو اختلاف
ہو جن میں درجہ بندی امیر و غریب کی
ایسے تعلقات سے ہے مجھ کو اختلاف
ہر چال میں ہی مات ہو گلؔ میرے شاہ کی
ایسی بچھی بساط سے ہے مجھ کو اختلاف
مزید غزلیں از کوکی گل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں