پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کومل جوئیہ کی غزلیں — Komal Joya Ghazals

کومل جوئیہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

منسوب چراغوں سے طرفدار ہوا کے (غزل)

منسوب چراغوں سے طرفدار ہوا کے

تم لوگ منافق ہو منافق بھی بلا کے

کیوں ضبط کی بنیاد ہلانے پہ تلا ہے

میں پھینک نہ دوں ہجر تجھے آگ لگا کے

اک زود فراموش کی بے فیض محبت

جاؤں گی گزرتے ہوئے راوی میں بہا کے

اس وقت مجھے عمر رواں درد بہت ہے

تجھ سے میں نمٹتی ہوں ذرا دیر میں آ کے

میں اپنے خد و خال ہی پہچان نہ پائی

گزرا ہے یہاں وقت بڑی دھول اڑا کے

کرتی ہوں تر و تازہ ہری رت کے مناظر

کاغذ پہ کبھی پیڑ کبھی پھول بنا کے

زرد چہرہ ہے مرا زرد بھی ایسا ویسا (غزل)

زرد چہرہ ہے مرا زرد بھی ایسا ویسا

ہجر کا درد ہے اور درد بھی ایسا ویسا

ایسی ٹھنڈک کہ جمی برف ہر اک خواہش پر

سرد لہجہ تھا کوئی سرد بھی ایسا ویسا

اب اسے فرصت احوال میسر ہی نہیں

وہ جو ہمدرد تھا ہمدرد بھی ایسا ویسا

یعنی اس دھول کے چھٹنے پہ بھی الزام جنوں

کوئی طوفاں ہے پس گرد بھی ایسا ویسا

پوری بستی میں بس اک شخص سے نسبت مجھ کو

مجھ سے منکر ہے وہ اک فرد بھی ایسا ویسا

عشق نے ریل کی پٹری پہ لٹایا جس کو

تھا جواں مرد جواں مرد بھی ایسا ویسا

کیا تجھے ہجر کے آزار بتائے کوملؔ

تو تو بے درد ہے بے درد بھی ایسا ویسا

مزید غزلیں از کومل جوئیہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں