پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کوکب مرادآبادی کی غزلیں — Kokab Muradabadi Ghazals

کوکب مرادآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے خدا عشق میں محنت مری برباد نہ ہو (غزل)

اے خدا عشق میں محنت مری برباد نہ ہو

دل گرفتار وفا ہے کہیں آزاد نہ ہو

وعدۂ وصل انہیں یاد دلاؤں تو کہیں

بات تم ایسی کہو کیوں جو مجھے یاد نہ ہو

دل آفت زدہ اب دیکھ چکا عیش کے دن

یہ وہ ویرانہ ہے جو پھر کبھی آباد نہ ہو

در قفس کا ہے کھلا کچھ سر پرواز نہیں

اس قدر بھی اثر الفت صیاد نہ ہو

جس کو تو لطف سمجھتا ہے ستم نکلے گا

اے دل آغاز محبت ہے ابھی شاد نہ ہو

وصل کے ذکر سے کیا کام سمجھ جاؤں گا

اک اشارا ہی سہی منہ سے کچھ ارشاد نہ ہو

ظلم بے جا سے تو خود باز نہیں آتے ہیں

اور مجھ پر ہے یہ تاکید کہ فریاد نہ ہو

تیرے قامت نے اٹھائی ہے قیامت کیسی

مجھ کو ڈر ہے یہ کوئی مصرعۂ استاد نہ ہو

آج کیوں نغمۂ لے میں ہے فغاں کا انداز

تیری محفل میں کہیں کوکبؔ ناشاد نہ ہو

محبت چارہ ساز درد فرقت ہوتی جاتی ہے (غزل)

محبت چارہ ساز درد فرقت ہوتی جاتی ہے

مری وحشت مجھے سامان راحت ہوتی جاتی ہے

ادھر وہ منفعل نظریں ادھر یہ مضطرب نالے

ندامت ہوتی جاتی ہے شکایت ہوتی جاتی ہے

نظر آتے ہیں وہ آمادۂ لطف و کرم خود ہی

مجھے بھی آج عرض غم کی ہمت ہوتی جاتی ہے

جبیں خود آستان بندگی کو ڈھونڈھ لیتی ہے

محبت خود نہیں ہوتی محبت ہوتی جاتی ہے

نہیں کھلتا یہ عقدہ جوش وحشت میں نہیں کھلتا

کہ کیوں بیزار منزل سے طبیعت ہوتی جاتی ہے

کسی نے یاد فرمایا ہے کیا پھر اپنی محفل میں

کہ از خود بیٹھے بیٹھے غیر حالت ہوتی جاتی ہے

چلی آتی ہیں پیہم ہچکیاں بیمار‌ الفت کو

مرتب خود بخود غم کی حکایت ہوتی جاتی ہے

شکایت عشق کو ہے حسن کے پیہم تغافل کی

قیامت میں یہ اک تازہ قیامت ہوتی جاتی ہے

مرتب ہو گئی فرد عمل یوں خود بخود کوکبؔ

مرے دیوان شعری کی کتابت ہوتی جاتی ہے

مزید غزلیں از کوکب مرادآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں