پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کشور کولاری کی غزلیں — Kiswar Kolari Ghazals

کشور کولاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے دوست بھی عجب ہیں جو فریب کھا کے روئے (غزل)

مرے دوست بھی عجب ہیں جو فریب کھا کے روئے

مجھے آزمانے نکلے مجھے آزما کے روئے

یہ تو جھوٹ ہے سراسر کہ وہ پاس آ کے روئے

یہ مگر غلط نہیں ہے کہ وہ دور جا کے روئے

ہمیں قتل کرنے والے کا پتہ تھا دوستوں کو

اسی خوش نما بلا سے سبھی دل لگا کے روئے

میری قبر کے سرہانے کوئی کاش آ کے کہہ دے

کہ مجھے مٹانے والے بھی مجھے مٹا کے روئے

تھے سبھی دھوئیں کی زد میں سبھی اشک بار نکلے

مرا گھر جلانے والے مرا گھر جلا کے روئے

ہمیں اپنے غم کا کشورؔ کوئی غم نہیں ہے اتنا

مگر اس کا غم بہت ہے کہ انہیں رلا کے روئے

خدا کے گھر میں خدا کے سوا نہ تھا کچھ بھی (غزل)

خدا کے گھر میں خدا کے سوا نہ تھا کچھ بھی

مری دعا کے لئے راستہ نہ تھا کچھ بھی

مرے خلاف زمانے کو وہ نہ کر پایا

مری برائی میں شاید برا نہ تھا کچھ بھی

ملا تھا وہ مجھے کل شب بہت ہی عجلت میں

میں سوچتا ہوں مجھے سوچنا نہ تھا کچھ بھی

تمام عمر میں کرتا رہا تری تقلید

یہی خطا ہے کہ میں جانتا نہ تھا کچھ بھی

وہ ایسے وقت مرا ساتھ دینے آیا تھا

وہ جب کسی بھی طرح کام کا نہ تھا کچھ بھی

نہ کچھ رہے گا مرے بعد اس جگہ کشورؔ

کہ مجھ سے پہلے کبھی اس جگہ نہ تھا کچھ بھی

مزید غزلیں از کشور کولاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں