پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کشن کمار وقار کی غزلیں — Kishan Kumaar Waqaar Ghazals

کشن کمار وقار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود غلط وہ قول و فعل ان کا غلط (غزل)

خود غلط وہ قول و فعل ان کا غلط

خط غلط انشا غلط املا غلط

رو دیا سچے نے جھوٹے کے حضور

جو صحیح در است تھا ٹھہرا غلط

دیر کی لی راہ مسجد چھوڑ کر

عاشق بت کر گیا رستہ غلط

بات پیشانی کی پیش آتی ہے یار

ہو نہ قسمت کا کبھی لکھا غلط

خط ہے طوطی آئنہ ہے روئے یار

اے وقارؔ اس میں نہیں اصلا غلط

کبھی بالوں کو سلجھایا تو ہوتا (غزل)

کبھی بالوں کو سلجھایا تو ہوتا

مجھے شانے سے الجھایا تو ہوتا

بگڑ جاتا ابھی منہ آئنے کا

تمہارے روبرو آیا تو ہوتا

گل یوسف زلیخائی دکھاتا

چمن میں وہ عزیز آیا تو ہوتا

زبان بوسۂ لب دے کر اے یار

نہ دیدے دل کو للچایا تو ہوتا

مجھے وارفتگی جانے نہ دیتی

ولیکن تم نے بلوایا تو ہوتا

وہ کہتے غیر سے کہتے پر اے دل

زباں پر مدعا لایا تو ہوتا

رخ رنگیں ترا گر دیکھتا گل

نہ اڑ جاتا تو پتایا تو ہوتا

سہارے پر سحر ہوتی شب ہجر

نہ آتے وعدہ فرمایا تو ہوتا

نہ پایا تم کو میں نے تو گلا کیا

کبھی خود آپ کو پایا تو ہوتا

مسیحائی نہ کرتا گو وہ کافر

جنازے پر مرے آیا تو ہوتا

نہ دیتا لے کے دل وہ پر بلا سے

مرا دل ہاتھ میں لایا تو ہوتا

میں تھا گم کردۂ عشق کمر یار

کبھی عنقا سے ڈھونڈھوایا تو ہوتا

میں کرتا شکر مقدم میں فدا جاں

فرشتہ موت کا آیا تو ہوتا

نہ رہتا دست وحشت آستیں میں

جنوں نے پاؤں پھیلایا تو ہوتا

میں اڑ چلتا بہ رنگ صوت ناقوس

وقارؔ اس بت نے بلوایا تو ہوتا

مزید غزلیں از کشن کمار وقار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں