کشن لال خنداں دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس نے کہا حسینوں کو دیکھا نہ کیجئے (غزل)
کس نے کہا حسینوں کو دیکھا نہ کیجئے
جی بھر کے خوب دیکھیے گھورا نہ کیجئے
آ جائیے گا شام سویرا نہ کیجئے
میری شب وصال کا تڑکا نہ کیجئے
ناصح کی جھائیں جھائیں سے چکرا گیا دماغ
ایسا نہ کیجئے کبھی ویسا نہ کیجئے
دفتر کے بعد کیجئے بیوی کی نوکری
کیا کیا جناب کیجئے کیا کیا نہ کیجئے
بیمار مجھ کو رکھنا ہے اچھا یوںہی سہی
اچھا مجھے نہ کیجئے اچھا نہ کیجئے
اتنا ہنسا کہ آنکھ میں آنسو بھی آ گئے
خنداںؔ کسی کو اتنا ہنسایا نہ کیجئے
اک تاج کسی سر پہ جو ہم دیکھ رہے ہیں (غزل)
اک تاج کسی سر پہ جو ہم دیکھ رہے ہیں
ایسا ہے کہ حقے پہ چلم دیکھ رہے ہیں
وہسکی ہے کہیں اور نہ رم دیکھ رہے ہیں
ٹھرا ہے مگر وہ بھی تو کم دیکھ رہے ہیں
ہمت نہیں اتنی کہ انہیں بھیج دیں چٹھی
لکھ لکھ کے مگر زور قلم دیکھ رہے ہیں
ہر پھر کے سدا ریوڑی اپنوں ہی کو بانٹی
ہم آپ کا انداز کرم دیکھ رہے ہیں
سمجھانے ہی آیا ہے سمجھتے ہیں یہ ہم خوب
میخانے میں واعظ کے قدم دیکھ رہے ہیں
بھولے ہی لگے سب کو وہ جس رخ سے بھی بیٹھے
ہم بیٹھی ہوئی چلتی رقم دیکھ رہے ہیں
پیمانے سے پیمان وفا باندھ لیا پھر
ٹوٹی ہوئی خنداںؔ کی قسم دیکھ رہے ہیں