پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کرتی رتن سنگھ کی غزلیں — Kirti Ratan Singh Ghazals

کرتی رتن سنگھ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آپکا جب سے آنا ہوا (غزل)

آپکا جب سے آنا ہوا

خوش نما آشیانہ ہوا

ان کی باتیں غزل ہو گئیں

اپنا دل شاعرانہ ہوا

رات کی کیا کہیں رات بھر

ان کا خوابوں میں آنا ہوا

عشق کیجے تو مت سوچئے

کس گلی آنا جانا ہوا

دل کا پنچھی وہیں جائے گا

جس جگہ آب و دانہ ہوا

جس کے بن ایک پل بوجھ تھا

اس کو دیکھے زمانہ ہوا

قد سے سایہ بڑا ہو گیا

شام کا جیوں جیوں آنا ہوا

چین اک پل نہیں ہے رتنؔ

جب سے دل کا لگانا ہوا

رات چھلکی شراب آنکھوں میں (غزل)

رات چھلکی شراب آنکھوں میں

مہکے سارے ہی خواب آنکھوں میں

دیکھو تم ایسا کچھ نہیں کہنا

ہوں جو نیندیں خراب آنکھوں میں

سچ کہوں تم نے وہ پڑھی ہی نہیں

ہے جو لکھی کتاب آنکھوں میں

کیا کہیں تیری اس ادا کو ہم

دیتے رہنا جواب آنکھوں میں

تم نے جس دن سے مجھ کو چاہا ہے

کھل اٹھے ہیں گلاب آنکھوں میں

منتظر ہوں تیری نگاہوں کی

بن کے رہنا نواب آنکھوں میں

اے رتنؔ تجھ سے التجا ہے یہی

اوڑھے رہنا نقاب آنکھوں میں

مزید غزلیں از کرتی رتن سنگھ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں