پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق عثمانی کی غزلیں — Khwaja Tariq Usmani Ghazals

طارق عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہرہ اوڑھے ٹہل رہی تھی جھیل پہ گہری خاموشی (غزل)

کہرہ اوڑھے ٹہل رہی تھی جھیل پہ گہری خاموشی

پھر سورج نے دھوپ بچھائی تب کچھ ٹھہری خاموشی

شب کی ساڑی پہن کے سینے پر بل کھاتی ہے میرے

دن کا آنچل اوڑھ کے شرماتی ہے سنہری خاموشی

گاؤں کی اس خاموشی میں اک لذت تھی البیلی سی

کمرہ کمرہ گھونٹ رہی ہے ہر پل شہری خاموشی

گم ہو گئیں ہیں میری صدائیں کھو گئیں ہیں سب آوازیں

چیخیں تک بھی سنتی نہیں ہے ہائے یہ بھری خاموشی

یادیں گواہ ہیں جذبے قیدی ہجر ہے منصف وقت وکیل

روز لگاتی ہے اس دل میں عشق کچہری خاموشی

من مندر میں دھیان مگن ہے اک تیرا سچا سادھو

اور سادھو کے پھیرے لیتی جوگن گہری خاموشی

صبح کے منظر جھلس گئے ہیں شام کی جھیلیں صدیوں دور

ہجر کی دھن پر رقص کناں ہے گرم دوپہری خاموشی

تیرے لہجے میں یہ جو شدت ہے (غزل)

تیرے لہجے میں یہ جو شدت ہے

یہ کوئی ان کہی شکایت ہے

ہجر کے دکھ پہ یار حیرت کیا

مستقل وصل بھی اذیت ہے

تجھ کو اب بھولنے لگا ہوں میں

یہ شکایت نہیں ہے تہمت ہے

خوشبوؤں سے بنائیں گے تم کو

رنگ سے تو بڑی سہولت ہے

دیکھا جائے تو مر چکے ہیں ہم

سانس لینا تو بس ضرورت ہے

تو مرا ہے تو میرے درد سمجھ

مسکرانا تو میری عادت ہے

کیا کیا درد کی دوا لے لی

میرے بیمار تجھ پہ لعنت ہے

میں بس اس وقت اپنے پاس رہا

جب لگا آپ کی ضرورت ہے

تیرے لب ہائے تیرے شیریں لب

بوسہ لے لوں اگر اجازت ہے

مزید غزلیں از طارق عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں