پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خواجہ ضمیر کی غزلیں — Khwaja Zameer Ghazals

خواجہ ضمیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت کرنے والوں کو محبت آزماتی ہے (غزل)

محبت کرنے والوں کو محبت آزماتی ہے

کسی کی آن جاتی ہے کسی کی جان جاتی ہے

تخیل کی گل افشانی غزل کا نام پاتی ہے

کسی کی یاد سے زخموں کی دنیا مسکراتی ہے

وفور غم سے شمع زندگانی تھرتھراتی ہے

محبت کی ہر اک دھڑکن وفا کو آزماتی ہے

کسی کے عارض و لب کی ملی ہے روشنی جب سے

بہار زندگی رنگینیوں میں ڈوب جاتی ہے

مرے بازو پہ زلفوں کی بھری برسات ہوتی تھی

وہ ساعت یاد آتی ہے وہ ساعت یاد آتی ہے

وہ رنگ و نور کی محفل بہاروں کی وہ رعنائی

محبت کے وفا پرور فسانوں کو سناتی ہے

کسی کی یاد میں گم ہو گئی ہے روشنی دل کی

جو گاہے گاہے راہ اشک غم کو جگمگاتی ہے

تمہاری زلف کا سایہ جو مل جائے تو رک جاؤں

تھکا ماندہ ہوا ہوں دھوپ غم کی چلچلاتی ہے

ضمیرؔ انجام الفت پر لرز جاتا ہے دل اکثر

ہنسی آتی ہے جس دم آنکھ میری ڈبڈباتی ہے

ہر کلی خون میں نہائی ہے (غزل)

ہر کلی خون میں نہائی ہے

کیسے سمجھوں بہار آئی ہے

بال و پر ہو چکے ہیں نذر قفس

یہ رہائی کوئی رہائی ہے

تیرے غم کو لگا کے سینے سے

میری تقدیر مسکرائی ہے

بزم روشن ہے آپ کے دم سے

آپ نے شمع کیوں جلائی ہے

تیری ہلکی سی مسکراہٹ سے

محفل زیست جگمگائی ہے

کیا بتائیں گے تیرے دیوانے

کیا برائی ہے کیا بھلائی ہے

جب بھی اٹھا نقاب حسن ضمیرؔ

محفل عشق جگمگائی ہے

آج تو نے ضمیرؔ خود آگاہ

کتنی اچھی غزل سنائی ہے

مزید غزلیں از خواجہ ضمیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں