پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خواجہ ساجد کی غزلیں — Khwaja Sajid Ghazals

خواجہ ساجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رات آدھی ہے بات پوری ہے (غزل)

رات آدھی ہے بات پوری ہے

تیرا ملنا بہت ضروری ہے

داؤں پر ہے وفا کناروں کی

موج کا لوٹنا ضروری ہے

تجھ سے خوشبو ہے میرے لفظوں میں

تیرے بن یے غزل ادھوری ہے

قربتیں ہم بھی چاہتے ہیں مگر

درمیاں فاصلہ ضروری ہے

پاسداری تو ہے رویوں میں

پر دلوں میں ابھی بھی دوری ہے

زندگی کی راہ میں اک موڑ ایسا آئے گا (غزل)

زندگی کی راہ میں اک موڑ ایسا آئے گا

جس کے آگے ہر کوئی خود کو اکیلا پائے گا

کون کتنا ضبط کر سکتہ ہے کرب‌ ہجر کو

ریل جب چلنے لگے گی فیصلہ ہو جائے گا

آج بھی اس روٹھنے والے سے یے امید ہے

میری جانب دیکھ کر اک بار تو مسکائے گا

اس طرح دے گا سزا اپنائیت کے جرم کی

میں اسے اپنا کہوں وہ غیر کے گن گائے گا

اب ہماری آنکھ میں منظر نہ کوئی خواب ہے

تجھ سے اک رشتہ دھنک رنگوں کی چادر لائے گا

جل چکے مٹ بھی چکے کب سے غریبوں کے مکاں

یے دھواں کب تک ہمارے ذہن میں لہرائے گا

دے تو آئے اس کو سارے فیصلے کرنے کا حق

دل لرزتا ہے مقدمہ کس کے حق میں جائے گا

مزید غزلیں از خواجہ ساجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں