پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

خواجہ سعید الدین نواب کی غزلیں — Khwaja Saeeduddin Nawab Ghazals

خواجہ سعید الدین نواب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی نفرت کے لہجے سے محبت کانپ جاتی ہے (غزل)

کبھی نفرت کے لہجے سے محبت کانپ جاتی ہے

مخالف کوئی اپنا ہو تو ہمت کانپ جاتی ہے

سنا ہے قاتلوں کے خوف سے منصف لرزتے ہیں

سزا ان کو سنانے کو عدالت کانپ جاتی ہے

بہادر باغیوں کے حوصلوں سے کچھ نہیں ہوتا

اگر سردار بزدل ہو بغاوت کانپ جاتی ہے

ہمارے حوصلوں کو تو نظر انداز مت کرنا

یہ وہ بازو ہے جس سے بادشاہت کانپ جاتی ہے

ہوس کا زور ہوتا ہے امیروں کے مکانوں میں

غریب وقت کی ہر اک ضرورت کانپ جاتی ہے

نوابؔ وقت ہوں لیکن مری خستہ حویلی ہے

کبھی دیوار ہلتی ہے کبھی چھت کانپ جاتی ہے

وہ بات بات میں ایسے نشان چھوڑ گیا (غزل)

وہ بات بات میں ایسے نشان چھوڑ گیا

سلگتے دل کو چتا کے سمان چھوڑ گیا

نہ جانے کون سی دھن میں تھا قاتلوں کا ہجوم

تڑپتے جسموں میں تھوڑی سی جان چھوڑ گیا

جسے میں اپنے مسائل کا حل سمجھتا تھا

وہ جب گیا تو بہت امتحان چھوڑ گیا

ہمارا راز تری بزم تک گیا کیسے

ہے کون جو پس دیوار کان چھوڑ گیا

وہ آج تک ہے مہاجر کے نام سے بدنام

جو شخص طیش میں ہندوستان چھوڑ گیا

شکایتیں بھی کریں ہم نوابؔ تو کیسے

وہ لفظ چھین کے منہ میں زبان چھوڑ گیا