خواجہ رضی حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گزری جو رہ گزر میں اسے درگزر کیا (غزل)
گزری جو رہ گزر میں اسے درگزر کیا
اور پھر یہ تذکرہ کبھی جا کر نہ گھر کیا
چشم سلیقہ ساز تو خاموش ہی رہی
رخصت پہ تیری دل نے بہت شور و شر کیا
آزردگان ہجر کی وحشت عجیب ہے
نکلے نہ گھر سے اور نہ آباد گھر کیا
بے برگ و بار جسم تھا محروم اعتبار
سرگرمئ صبا نے شجر کو شجر کیا
اپنے سوا کسی کو یہ دل مانتا نہ تھا
اس دل کو استوار تری آنکھ پر کیا
یہ عشق مرحلہ تو سفر در سفر کا ہے
اب دیکھنا ہے کس نے کہاں تک سفر کیا
ایسے کشادہ دست کہاں کے تھے ہم رضیؔ
شاید لحاظ زحمت دریوزہ گر کیا
محبت ایک جیسی ہے وفائیں ایک جیسی ہیں (غزل)
محبت ایک جیسی ہے وفائیں ایک جیسی ہیں
یہاں موسم بدلنے پر ہوائیں ایک جیسی ہیں
عجب شہر سخن آباد ہے میری سماعت میں
عجب شہر خموشاں ہے صدائیں ایک جیسی ہیں
تری آنکھوں میں آوازیں مرے ہونٹوں پہ سناٹا
سفر کی داستانیں کیا سنائیں ایک جیسی ہیں
سنا ہے اس طرف بھی شام کو لہجہ مہکتا ہے
خفا آپس میں ہیں لیکن دعائیں ایک جیسی ہیں
رضیؔ دونوں کو اکثر خوف تنہائی ستاتا ہے
رضیؔ دونوں کی قسمت میں سزائیں ایک جیسی ہیں